
ممبئی ، 02 اپریل (ہ س) مالاڈ کے علاقے میں معمولی رقم کے تنازع نے خطرناک رخ اختیار کر لیا، جہاں صرف 600 روپے کی ادھاری کے معاملے پر دو گروہوں کے درمیان شدید جھڑپ کے بعد تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں چھ افراد زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔یہ واقعہ کورار پال نگر کے دھوری کمپاؤنڈ میں پیش آیا، جہاں دو ایسڈ کیمیکل پلیٹنگ کارخانوں کے مالکان کے درمیان 600 روپے کی ادھاری کو لے کر پہلے زبانی تکرار ہوئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ تنازع شدت اختیار کر گیا اور دونوں جانب کے افراد آمنے سامنے آ گئے۔ اسی دوران ایک گروہ نے دوسرے گروہ پر تیزاب پھینک دیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی کورار پولیس اسٹیشن کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور حالات کو قابو میں کیا۔ پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔سینئر پولیس انسپکٹر امیش پاٹل کے مطابق، گرفتار ملزم کی شناخت سمر بہادر راجکمار سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے کی گہرائی سے تفتیش جاری ہے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی پولیس بندوبست تعینات کیا گیا ہے۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے