
علی گڑھ, 15 اپریل (ہ س)۔
راجہ مہندر پرتاپ سنگھ (آر ایم پی ایس) اے ایم یو سٹی اسکول میں جماعت نہم سے بارہویں کے طلبہ کے لیے ”صحت مند نوجوان، مضبوط قوم“ کے موضوع کے تحت ذہنی صحت سے متعلق بیداری پروگرام کے ساتھ ایک مفت صحت کیمپ منعقد کیا گیا۔
پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر معین الدین، ای سی ممبر، شعبہ بایو کیمسٹری، جے این ایم سی نے اس بات پر زور دیا کہ ذہنی صحت جسمانی صحت جتنی ہی اہم ہے اور طلبہ کو اپنی پریشانیوں کے بارے میں کھل کر بات کرنی چاہئے۔ مہمانِ اعزازی پروفیسر مراد احمد نے سوشل میڈیا کے ضرورت سے زیادہ استعمال کے ذہنی صحت پر پڑنے والے اثرات کو اجاگر کیا، جبکہ پروفیسر محمد عبدالقادر نے مثبت سوچ اور مضبوط حوصلے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
صحت کیمپ کے دوران ڈاکٹر تابش اور ان کی ٹیم نے طلبہ کا طبی معائنہ کیا اور ذہنی و جسمانی صحت کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی۔اسکول کے پرنسپل نے طلبہ میں تعلیمی دباؤ کے مسئلے پر توجہ دینے اور مجموعی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ پروگرام کی نظامت سید عتیق الرحیم نے کی جبکہ ڈاکٹر شاہد جلیل نے اظہارِ تشکر کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ