
جموں, 15 اپریل (ہ س)۔
ضلع ڈوڈہ میں منشیات کے خلاف مہم کے تحت پولیس نے دو الگ الگ کارروائیوں میں تین منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔پولیس ذرائع کے مطابق پہلی کارروائی پولیس اسٹیشن گندوہ کے تحت ڈومیل کاہراہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران عمل میں لائی گئی، جہاں ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر تلاشی لی گئی۔ اس دوران ملزم محمد سرور ولد غلام رسول سکنہ بنی ترنکھل تحصیل کاہراہ کے قبضے سے تقریباً 450 گرام چرس نما مادہ برآمد ہوا۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 39/2026 درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری کارروائی پولیس اسٹیشن ڈوڈہ کے دائرہ اختیار میں گنپت پل کے قریب کی گئی، جہاں ناکہ چیکنگ کے دوران دو مشتبہ افراد یاسر احمد شاہ اور ابو مبصر کو روکا گیا۔ تلاشی کے دوران یاسر احمد شاہ کے قبضے سے 6.20 گرام جبکہ ابو مبصر کے قبضے سے 5.12 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان عادی مجرم ہیں اور اس سے قبل بھی این ڈی پی ایس ایکٹ سمیت دیگر مقدمات میں ملوث رہے ہیں۔ اس ضمن میں ایف آئی آر نمبر 86/2026 درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر دیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر