
سالانہ مچیل یاترا کا آغاز
جموں, 15 اپریل (ہ س)ضلع کشتواڑ کی وادی پاڈر میں واقع 9,705 فٹ بلند مچیل ماتا مندر میں سالانہ یاترا کا آغاز ہو گیا۔ یاترا کے پہلے دن سینکڑوں عقیدت مندوں نے مندر میں پہنچ کر درشن کیے۔ حکام کے مطابق سردیوں کے بعد مندر کے دروازے کھولنے کے ساتھ ہی یاترا شروع کی گئی ہے، جبکہ اس مرتبہ عقیدت مندوں کے لیے پیشگی رجسٹریشن لازمی قرار دیا گیا ہے۔ یاترا کے دوران سکیورٹی اور دیگر سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
گزشتہ سال چسوتی گاؤں میں بادل پھٹنے کے واقعے میں 63 افراد کی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ متعدد زخمی اور کئی لاپتہ ہو گئے تھے، جس کے بعد اس سال یاترا کے لیے حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے گئے ہیں۔ ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار، آئی جی پی بھیم سین توتی، ڈپٹی کمشنر کشتواڑ پنکج کمار شرما اور ایس ایس پی نریش سنگھ نے بھی یاترا میں شرکت کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر دیوی کی مورتی کو روایتی طور پر مرکزی مندر منتقل کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ یاترا کے راستے میں بجلی، پانی، صفائی، رہائش، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ گوری شنکر مندر سرکوٹ اور بیس کیمپ گلاب گڑھ میں رجسٹریشن کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں اور بغیر رجسٹریشن کسی کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یاترا کو پلاسٹک فری بنانے، صفائی کے نظام کو بہتر رکھنے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق اجازت ملنے کے بعد ہیلی کاپٹر سروس بھی شروع کی جائے گی، جبکہ چسوتی کے متاثرہ مقام پر نقل و حرکت پر پابندی عائد رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر