
علی گڑھ, 15 اپریل (ہ س)۔
چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نیرج تیاگی نے ایک پریس ریلیز کے ذریعے اطلاع دی ہے کہ پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (آیوشمان بھارت اسکیم) کے تحت شہری علاقوں میں تمام شہری پرائمری ہیلتھ سینٹروں پر آیوشمان کارڈ بنانے کے لیے خصوصی کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کیمپوں میں مستحق افراد اپنا آدھار کارڈ اور راشن کارڈ لے کر اپنے قریبی پرائمری ہیلتھ سینٹر پر جا کر آسانی سے آیوشمان کارڈ بنوا سکتے ہیں۔ حکومتِ ہند کی جانب سے 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے تمام بزرگ شہریوں کو اس اسکیم کے تحت مستفید ہونے کا اہل قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے تمام بزرگ شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے قریبی شہری پرائمری ہیلتھ سینٹر پر جا کر آدھار کارڈ کے ذریعے اپنا آیوشمان کارڈ ضرور بنوائیں تاکہ وہ اس اسکیم کے فوائد حاصل کر سکیں۔ انھوں نے بتایا کہ اوپر کوٹ، شاہ جمال، بھجپورہ، پشپ وہار، پالا صاحب آباد، اندرا نگر، نورنگ آباد، کے کے جین، گھنٹہ چوک، مولانا آزاد نگر، جیون گڑھ، محفوظ نگر، بیگم باغ، نگلہ تیکونا، بنّا دیوی، جمال پور، رگھوویر پوری، اترولی، دھنپور اور کوارسی کے پرائمری ہیلتھ سینٹروں پر شہری اپنے آیوشمان کارڈ بنوا سکتے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ