
تنازعہ کے بعد فائرنگ میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زخمی
سلطان پور، 10 اپریل (ہ س)۔ اترپردیش کے ضلع سلطان پور کے بلدیرائے تھانہ علاقے کے بگھولی گاوں میں جمعرات کی رات دعوت نامہ دینے کے حوالے سے ہونے والے تنازعہ نے پرتشدد شکل اختیار کر لی۔ الزام ہے کہ دبنگوں نے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے تمام افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک دیکھتے ہوئے اسے لکھنو ٹراما سینٹر ریفر کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اکھنڈ پرتاپ سنگھ نے جمعہ کو بتایا کہ گزشتہ رات بگھولی گاوں کے رہائشی سمرجیت یادو کی اہلیہ کی تیرہویں کا پروگرام تھا۔ سمرجیت کی بیٹی پریتی یادو اپنے پٹی داروں تروینی یادو اور راجیش یادو کے گھر دعوت دینے گئی تھی۔ وہاں کسی بات پر راجیش یادو نے پریتی کے ساتھ گالی گلوج اور بدتمیزی شروع کر دی۔ دیکھتے ہی دیکھتے تنازعہ بڑھ گیا اور راجیش نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر سمرجیت کے خاندان پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے دوران چلنے والی گولیوں کے چھروں سے سمرجیت یادو کے خاندان کے 05 ارکان لہولہان ہو کر گر پڑے۔ زخمیوں میں سنتوش ولد راج نارائن ساکن کھنڈاسا، پریتی یادو دختر سبھاجیت، دلیپ ولد سبھاجیت اور دیویانش ولد دیویندر کمار ساکنان بگھولی و یوگیندر یادو ساکن کمار گنج ایودھیا شامل ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا، جہاں سے انہیں ضلع اسپتال ریفر کر دیا گیا۔ زخمیوں میں دلیپ یادو کے جسم میں کافی چھرے لگے ہیں، جس کی تشویشناک حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے اسے بہتر علاج کے لیے لکھنو ٹراما سینٹر بھیج دیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی کئی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
زخمی سنتوش کمار نے بتایا کہ ملزمان کے پاس 315. بور کے اسلحے اور دیگر ہتھیار موجود تھے۔ اس نے بتایا کہ ہم لوگ شادی سے کھانا کھا کر لوٹ کر دروازے پر کھڑے تھے، تبھی تروینی، سنگم اور راجیش اسلحوں کے ساتھ وہاں پہنچے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اس نے بتایا کہ ملزمان کے ساتھ اس کا کوئی پرانا تنازعہ نہیں تھا، وہ آپس میں رشتہ دار بھی بتائے جا رہے ہیں۔ سنتوش نے یہ بھی بتایا کہ شام کے وقت دو پولیس اہلکار وہاں آئے تھے۔ پولیس اہلکاروں نے جب ان سے پوچھا کہ وہ کون ہیں، تو انہوں نے بتایا کہ وہ رشتہ دار ہیں۔ اس کے بعد پولیس نے انہیں وہاں سے گھر جانے یا پروگرام میں جانے کو کہہ دیا۔ رات تقریباً 09 بجے کے بعد، جب وہ کھانا کھا چکے تھے، تبھی ملزمان نے اچانک حملہ کر دیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن