
دہلی میں نقلی آٹو پارٹس کے بڑے ریکیٹ کا انکشاف، 10 لاکھ کے سامان کے ساتھ تین گرفتار
نئی دہلی، 10 اپریل (ہ س)۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے دارالحکومت میں نقلی آٹو پارٹس اور انجن آئل کے بڑے ریکیٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے اس کارروائی میں تقریباً 10 لاکھ روپے کے نقلی اسپیئر پارٹس، پیکیجنگ میٹریل اور ایک پرنٹنگ یونٹ برآمد کیا ہے۔ یہ گروہ نامی گرامی کمپنیوں کے برانڈز کا غلط استعمال کر کے مارکیٹ میں نقلی سامان فروخت کر رہا تھا۔
کرائم برانچ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس پنکج کمار نے جمعہ کو بتایا کہ یہ کارروائی اندر لوک، جھنڈے والان اور منگول پوری انڈسٹریل ایریا میں کی گئی چھاپہ ماری کے دوران عمل میں آئی۔ پولیس ٹیم نے دو پہیہ گاڑیوں کے نقلی بریک شو، پیکیجنگ میٹریل اور فرضی برانڈنگ سے وابستہ سامان برآمد کیا ہے۔ اس معاملے میں ریاض الدین (51)، انل کمار (60) اور ارجن کمار (49) کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ لوگ نامی کمپنیوں کے ٹریڈ مارک کا استعمال کر کے نقلی آٹو پارٹس تیار کر رہے ہیں۔ اس کے بعد کرائم برانچ کی ٹیم نے کمپنیوں کے مجاز نمائندوں کے ساتھ مل کر چھاپہ مارا۔ تفتیش کے دوران اندر لوک اور جھنڈے والان میں چھاپے مار کر دو ملزمان کو پکڑا گیا۔
پولیس ریمانڈ کے دوران ملزمان سے پوچھ گچھ میں انکشاف ہوا کہ نقلی اسٹیکرز اور پیکیجنگ تیار کرنے کے لیے ایک پرنٹنگ یونٹ بھی چلایا جا رہا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے تیسرے ملزم ارجن کمار کو گرفتار کیا، جو فرضی اسٹیکرز اور برانڈ مارک چھاپنے کا کام کرتا تھا۔ چھاپہ ماری کے دوران پولیس نے تقریباً 1040 جوڑی نقلی بریک شو، 50 بنڈل خالی پیکیجنگ، تقریباً 14 ہزار نقلی ایم آر پی اسٹیکرز، 400 نقلی کارٹن باکس، 67 ہزار سے زائد پلاسٹک پیکنگ اور 10 پرنٹڈ رول برآمد کیے ہیں۔ اس کے علاوہ پوری پرنٹنگ یونٹ کو بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم ریاض الدین اور انیل کمار پہلے بھی کاپی رائٹ اور ٹریڈ مارک کی خلاف ورزی کے معاملات میں ملوث رہے ہیں۔ اس کے باوجود وہ دوبارہ اس غیر قانونی کاروبار میں سرگرم ہو گئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن