
اسٹیٹ میریج اسسٹنس اسکیم مستحق کنبوں کے لیے بڑی راحت
جموں، 07 مارچ (ہ س)۔ ضلع ڈوڈہ میں محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے بی پی ایل اور اے اے وائی زمرے کے کنبوں کے لیے شروع کی گئی اسٹیٹ میریج اسسٹنس اسکیم مالی طور پر کمزور والدین کے لیے بڑی راحت ثابت ہو رہی ہے۔ اس اسکیم کے تحت دی جانے والی مالی امداد سے جہاں غریب کنبوں کا بوجھ کم ہوا ہے وہیں بیٹیوں کی پیدائش کے حوالے سے سماجی سوچ میں بھی مثبت تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
حکام کے مطابق اس اسکیم کے ذریعے بیٹیوں کی شادی کے لیے مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے جس سے والدین کو معاشی سہارا مل رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کی بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ مہم کے تحت لڑکیوں کو تعلیم اور بہتر مستقبل کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ شادی کے موقع پر بھی سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل رہا ہے۔
محکمہ سوشل ویلفیئر کے ضلع آفیسر زبیر احمد نے بتایا کہ پہلے بی پی ایل اور اے اے وائی زمرے کے تحت آنے والے کنبوں کو لڑکیوں کی شادی کے لیے 50 ہزار روپے کی مالی امداد دی جاتی تھی، تاہم حکومت نے اب اے اے وائی زمرے کے مستحق کنبوں کے لیے اس رقم کو بڑھا کر 75 ہزار روپے کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ امداد دراصل حکومت کی جانب سے بیٹیوں کے لیے محبت بھرا تحفہ ہے جو نہ صرف بچیوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے بلکہ والدین کے لیے بھی ایک مضبوط سہارا بن رہی ہے۔ زبیر احمد کے مطابق معاشرے کے کمزور طبقے کے لیے روزمرہ کے اخراجات پورے کرنا ہی مشکل ہوتا ہے، ایسے میں شادی جیسے بڑے موقع پر مالی امداد ان کے لیے بڑی مدد ثابت ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس اسکیم کے تحت ضلع ڈوڈہ میں اب تک تقریباً پانچ ہزار کنبوں کو فائدہ پہنچایا جا چکا ہے جس سے ہزاروں خاندانوں کو خوشی کے مواقع میسر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کو حاصل کرنے کے عمل کو انتہائی آسان بنایا گیا ہے اور اب لوگ گھر بیٹھے اپنے موبائل فون کے ذریعے بھی درخواست دے سکتے ہیں، تاکہ عوام کو دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں اور زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر