تلنگانہ میں بجلی کی کھپت میں ریکارڈ اضافہ درج
حیدرآباد، 07 مارچ (ہ س) ۔ تلنگانہ میں ایک طرف بڑھتی ہوئی گرمی کی شدت اور دوسری طرف ربیع کی فصلوں کی کاشت میں تیزی کی وجہ سے بجلی کی کھپت میں ریکارڈ اضافہ درج کیا گیا ہے۔ زرعی ضروریات کے ساتھ ساتھ گھریلو، تجارتی اور صنعتی شعبوں میں بڑھتے ہوئے استع
تلنگانہ میں بجلی کی کھپت میں ریکارڈ اضافہ درج


حیدرآباد، 07 مارچ (ہ س) ۔

تلنگانہ میں ایک طرف بڑھتی ہوئی گرمی کی شدت اور دوسری طرف ربیع کی فصلوں کی کاشت میں تیزی کی وجہ سے بجلی کی کھپت میں ریکارڈ اضافہ درج کیا گیا ہے۔ زرعی ضروریات کے ساتھ ساتھ گھریلو، تجارتی اور صنعتی شعبوں میں بڑھتے ہوئے استعمال نے بجلی کی طلب کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔ رواں ماہ کی 3 تاریخ کو ریاست میں بجلی کی مجموعی طلب 18,139 میگاواٹ تک پہنچ گئی جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اسی طرح ٹی جی ایس پی ڈی سی ایل کے دائرہ اختیار میں زیادہ سے زیادہ طلب 11,129 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ سال اسی دن یہ طلب 10,310 میگاواٹ تھی۔ گریٹر حیدرآباد کے ساتھ ساتھ مختلف اضلاع میں بھی بجلی کی کھپت میں بھاری اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ شہرِحیدرآباد میں 3 مارچ کو بجلی کی زیادہ سے زیادہ طلب 4,421 میگاواٹ تک پہنچ گئی۔ اضلاع میں ربیع کی فصلوں کی وجہ سے زرعی بجلی کا استعمال عروج پر ہے جس کے باعث متحدہ نلگنڈہ ضلع میں 2,459 میگاواٹ، محبوب نگر میں 2,326 میگاواٹ اور میدک ضلع میں 2,181 میگاواٹ کی ریکارڈ طلب درج کی گئی۔ بجلی کی اس بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر ٹی جی ایس پی ڈی سی ایل کے سی ایم ڈی جتیش وی پاٹل نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صارفین کو بلا وقفہ بجلی کی فراہمی کے لئے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

انہوں نے فیلڈ آفیسرس کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ 33 کے وی اور11 کے وی فیڈرس کے ساتھ ساتھ سب اسٹیشنوں میں پاور ٹرانسفارمرس کے لوڈ کی 24 گھنٹے نگرانی کریں۔ حکومت کا ہدف ہے کہ گرمی اور زراعت کے اس اہم سیزن کے دوران کسی بھی تکنیکی خرابی کے بغیر بجلی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام اور کسانوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande