
مدھیہ پردیش میں بڑھنے لگی گرمی، پارہ 37 ڈگری سے تجاوز، اندور-اجین سب سے زیادہ گرمبھوپال، 05 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں مارچ کے آغاز کے ساتھ ہی گرمی نے اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔ ریاست میں درجہ حرارت معمول سے تقریباً 3 ڈگری سیلسیئس تک زیادہ درج کیا جا رہا ہے۔ ہولی کے دن بدھ کو کئی شہروں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس کے پار پہنچ گیا، جبکہ رات کا درجہ حرارت تقریباً 19 ڈگری سیلسیس رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اگلے 4 دنوں تک ریاست میں موسم کا رخ تقریباً ایسا ہی رہے گا۔ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سیلسیس تک مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ وہیں 6 مارچ سے مغربی ہمالیائی خطے میں ویسٹرن ڈسٹربنس فعال ہونے کا امکان ہے، جس کے اثر سے ریاست کے کچھ حصوں میں ہلکے بادل اور بوندا باندی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ بدھ کو ریاست میں اندور اور اجین ڈویژن سب سے زیادہ گرم رہے۔
اس کے علاوہ بھوپال، گوالیار اور جبل پور ڈویژن میں بھی دن کے وقت تیز گرمی محسوس کی گئی۔ اس کے علاوہ پوری ریاست میں موسم صاف رہا اور تیز دھوپ کھلی۔ نرمدا پورم میں اس سیزن میں پہلی بار زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.7 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ دھار، رتلام اور ساگر میں درجہ حرارت 36 ڈگری سیلسیس یا اس سے زیادہ رہا۔ وہیں گنا، دموہ، کھنڈوا، ٹیگم گڑھ، کھجوراہو، کھرگون، شیوپور اور منڈلا میں بھی پارہ 35 ڈگری سیلسیس سے اوپر درج کیا گیا۔ ریاست کے واحد ہل اسٹیشن پچمڑھی میں ہی درجہ حرارت 30 ڈگری سیلسیس سے نیچے رہا، جبکہ باقی شہروں میں اس سے زیادہ درج کیا گیا۔
دن کے ساتھ ساتھ ریاست میں رات کا درجہ حرارت بھی بڑھنے لگا ہے۔ منگل-بدھ کی رات بیتول، گنا، نرمدا پورم، کھنڈوا، رتلام، شیوپور، جبل پور، نرسنگھ پور، ساگر، سیونی اور ٹیگم گڑھ میں کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سیلسیس یا اس سے زیادہ درج کیا گیا۔ سب سے زیادہ رات کا درجہ حرارت دھار میں 19 ڈگری سیلسیس رہا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے 4 دنوں میں ریاست کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں تقریباً 4 ڈگری سیلسیس تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ ایسے میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مارچ کے پہلے پندرہ دنوں میں ہی ریاست کے کئی علاقوں میں پارہ 40 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن