
جموں, 31 مارچ (ہ س)۔
جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے قانون ساز اسمبلی میں اعلان کیا کہ اسکول ایجوکیشن محکمہ کے تقریباً 150 پرنسپلز، لیکچررز اور اساتذہ کو ان کی اصل تعیناتیوں پر واپس بھیجا جا رہا ہے تاکہ گریز اور دیگر دور دراز و دیہی علاقوں میں تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر بنایا جا سکے۔یہ بیان انہوں نے اسمبلی کے زیرو آور کے دوران اُس وقت دیا جب رکن اسمبلی نذیر احمد خان گریز ی نے گریز علاقے میں اساتذہ کی کمی کا مسئلہ اٹھایا۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ان علاقوں میں تعلیمی نظام کو مستحکم بنانا اور طلبہ کو یکساں تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اساتذہ کی واپسی کا عمل جلد مکمل کریں، خصوصاً بارہمولہ، بانڈی پورہ اور سرینگر اضلاع میں، اور انہیں ان کی اصل تعیناتی کی جگہوں پر تعینات کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ تعلیم میں تبادلوں سے متعلق کسی بھی قسم کی درخواست کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر