
ممبئی ، 31 مارچ (ہ س) ممبئی میں بی سی سی آئی کے ساتھ براڈکاسٹ انجینئر کے طور پر کام کرنے والے ایک برطانوی شہری کی لاش ٹرائیڈنٹ ہوٹل کے کمرے میں پائی گئی، جس کے بعد مَرین ڈرائیو پولیس نے اس معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت ایان ولیمز لینگفورڈ (76) کے طور پر ہوئی ہے، جو آئی پی ایل میچوں کی کوریج کے سلسلے میں 24 مارچ سے ٹرائیڈنٹ ہوٹل میں قیام پذیر تھے۔ 29 مارچ کو میچ کے بعد وہ اپنے کمرے میں واپس آئے تھے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ 30 مارچ کو جب ہوٹل کے ریسپشن سے ان کے کمرے میں فون کیا گیا تو کوئی جواب نہیں ملا، جس کے بعد ہوٹل اسٹاف نے جا کر دروازہ کھٹکھٹایا، لیکن اندر سے کوئی ردعمل نہ ملنے پر ماسٹر چابی کے ذریعے کمرہ کھولا گیا، جہاں ایان کو فرش پر پڑا ہوا پایا گیا۔
اس کے بعد ہوٹل کے ان ہاؤس ڈاکٹر کو اطلاع دی گئی، جنہوں نے معائنہ کرنے کے بعد انہیں مردہ قرار دیا۔ مَرین ڈرائیو پولیس اسٹیشن میں اس معاملے میں حادثاتی موت کی رپورٹ درج کی گئی ہے اور مزید جانچ جاری ہے۔
پولیس ڈپٹی کمشنر پروین منڈے نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا گیا تھا اور رپورٹ موصول ہونے کے بعد اس میں کوئی مشتبہ بات سامنے نہیں آئی ہے، تاہم پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے