
بھوپال، 31 مارچ (ہ س)۔
مدھیہ پردیش میں مارچ کے آخر میں موسم نے اچانک کروٹ لے لی ہے۔ ریاست میں آندھی اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کو جہاں 8 اضلاع میں اولہ باری ہوئی، وہیں 20 سے زیادہ اضلاع میں تیز ہوا اور بارش دیکھنے کو ملی۔ تاہم کچھ علاقوں میں گرمی بھی برقرار رہی اور نرمدا پورم و کھجوراہو میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے اوپر پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، ٹرف اور سائکلونک سرکولیشن کے سرگرم ہونے سے ریاست کا موسم بدلا ہے اور 3 اپریل تک ایسے ہی حالات برقرار رہ سکتے ہیں۔ آج منگل کو بھی ریاست میں موسم کی یہی ملی جلی صورتحال دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ اگلے 24 گھنٹوں کے لیے گوالیار سمیت 16 اضلاع میں گرج چمک، تیز ہواوں اور بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ان اضلاع میں گوالیار، دتیا، بھنڈ، مرینا، شیوپور، شیوپوری، نیواڑی، ٹیگم گڑھ، چھترپور، پنا، ستنا، بیتول، پانڈھرنا، چھندواڑہ، سیونی اور بالاگھاٹ شامل ہیں۔ یہاں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی چلنے کا امکان ہے۔
پیر کو اجین، نیمچ، مندسور، بیتول، دھار اور سیہور میں اولے گرے۔ اس کے علاوہ بھوپال، میہر، شیوپور، چھندواڑہ، رتلام، شاجاپور، آگر-مالوا، کھنڈوا، دیواس، کھرگون، پانڈھرنا، سیونی اور انوپ پور سمیت کئی اضلاع میں کہیں بارش تو کہیں تیز ہوا اور بادلوں کا اثر رہا۔ محکمہ موسمیات نے یہ بھی اشارہ دیا ہے کہ 2 اپریل کو ایک اور نیا سسٹم سرگرم ہو سکتا ہے۔ ویسٹرن ڈسٹربنس کے شمال مغربی ہندوستان میں اثر کے باعث مدھیہ پردیش میں ایک بار پھر موسم بدلنے کا امکان ہے۔
بارش اور آندھی سے پہلے پیر کو ریاست میں شدید گرمی بھی محسوس کی گئی۔ کھجوراہو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.4 ڈگری سیلسیس اور نرمدا پورم میں 40.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ منڈلا، رتلام، امریا، کھنڈوا، دموہ، کھرگون، ستنا، ریوا اور رائسین سمیت کئی اضلاع میں درجہ حرارت 38 سے 39 ڈگری کے درمیان رہا۔ بڑے شہروں کی بات کریں تو جبل پور سب سے گرم رہا، جہاں 39.3 ڈگری درجہ حرارت درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ بھوپال میں 37.4، اندور میں 36.5، گوالیار میں 35.8 اور اجین میں 37 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن