حیدرآباد میں صفائی کے لیے جی ایچ ایم سی سپروائزرکا منفرد اقدام
حیدرآباد، 31 مارچ (ہ س)۔ شہر میں بڑھتے ہوئے کچرے کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے جی ایچ ایم سی کے ایک سپروائزر نے ایسا منفرد قدم اٹھایا جس نے سب کو حیران کر دیا اور شہریوں کے دل جیت لیے۔ تفصیلات کے مطابق، گڈی ملکاپور ڈویژن کے رام سنگھ پورعلاقے میں ت
حیدرآباد میں صفائی کے لیے جی ایچ ایم سی سپروائزرکا منفرد اقدام،


حیدرآباد، 31 مارچ (ہ س)۔ شہر میں بڑھتے ہوئے کچرے کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے جی ایچ ایم سی کے ایک سپروائزر نے ایسا منفرد قدم اٹھایا جس نے سب کو حیران کر دیا اور شہریوں کے دل جیت لیے۔

تفصیلات کے مطابق، گڈی ملکاپور ڈویژن کے رام سنگھ پورعلاقے میں تعینات سپروائزر مہندر نے سڑکوں پر کچرا پھینکنے سے روکنے کے لیے ایک غیر معمولی طریقہ اپنایا۔ وہ عوام کے سامنے جھک کر، حتیٰ کہ قد موں میں بیٹھ کر بھی گزارش کرتے رہے کہ براہِ کرم سڑکوں پر کچرا نہ ڈالیں۔ یہ راستہ، جو کاروان سے رام سنگھ پور کی جانب جاتا ہے، روزانہ بڑی مقدار میں کچرے سے آلودہ ہو رہا تھا۔ اس سنگین مسئلے کو دیکھتے ہوئے مہندر نے مستقل حل کے لیے خود میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔

وہ صبح سویرے ہی موقع پرپہنچ گئے اور وہاں آنے والے افراد کو روک کر نہایت شائستگی سے کہتے رہے۔ براہِ کرم یہاں کچرا نہ ڈالیں، اپنے گھروں کے پاس آنے والی کچرا گاڑی میں ہی ڈالیں ۔مہندر کے اس عاجزانہ رویے نے مقامی لوگوں کو بے حد متاثر کیا۔ کئی افراد نے ان کی بات مانتے ہوئے فوراً کچرا واپس لے لیا،جبکہ کچھ لوگوں نے آئندہ سڑکوں پر کچرا نہ پھینکنے کا وعدہ کیا۔ حیدرآباد کی صفائی کے لیے ایک سرکاری ملازم کی یہ سنجیدگی اور لگن اب شہر بھر میں موضوعِ گفتگو بن گئی ہے، اور اس اقدام کو شہری شعور بیدار کرنے کی ایک مثبت مثال کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande