
ممبئی ، 31 مارچ (ہ س) ممبئی میں مہاراشٹر کے محکمہ خوراک و ادویات (ایف ڈی اے) کے وزیر نرہری جروال سے متعلق مبینہ قابل اعتراض ویڈیو کے معاملے میں ایک خواجہ سرا نے منگل کے روز کَف پریڈ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے، جس کے بعد پولیس نے اس معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق شکایت کنندہ نے بتایا کہ مذکورہ ویڈیو اس کے بھائی نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا تھا۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ بھائی نے اس سے ایف ڈی اے محکمہ میں ملازمت دلوانے کا مطالبہ کیا تھا اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں قابل اعتراض ویڈیو آن لائن جاری کرنے کی دھمکی دی تھی۔
پولیس افسر کے مطابق اس معاملے کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر نرہری جروال اور ایک خواجہ سرا سے متعلق ایک ویڈیو حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد اس معاملے نے سیاسی رنگ اختیار کر لیا تھا۔
اس معاملے میں خود نرہری جروال نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے جانچ کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیر کے استعفیٰ کا مطالبہ بھی شروع کر دیا تھا۔ معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اس کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
اب خواجہ سرا کی جانب سے باضابطہ شکایت درج کیے جانے کے بعد پولیس اس کیس کی ہر زاویے سے جانچ کر رہی ہے تاکہ حقائق کو سامنے لایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے