
ممبئی، 31 مارچ (ہ س)۔ ممبئی کے سائن اسپتال کے ایکس رے شعبے میں منگل کو اچانک آگ لگنے سے اسپتال میں کچھ دیر کے لیے افرا تفری مچ گئی، تاہم فائر بریگیڈ کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابوپالیا اوراس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔پولیس کے مطابق دوپہر تقریباً 12 بجے ایکس رے شعبے میں آگ لگنے کی اطلاع ملی، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور فوری طور پر آگ بجھا دی۔ اس کے بعد کولنگ کا عمل جاری رکھا گیا تاکہ صورتحال مکمل طور پر قابو میں رہے اور آگ لگنے کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جا سکے۔ اس واقعے کی جانچ سائن پولیس اسٹیشن کی ٹیم کر رہی ہے، جو آگ لگنے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔اسپتال کے ڈین ڈاکٹر پرمود انگلے نے بتایا کہ ایکس رے شعبے کے ایئر کنڈیشننگ یونٹ میں اچانک دھماکہ ہونے کے باعث آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد وہاں سے گھنا دھواں اٹھا اور مریضوں و عملے میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور تمام مریض محفوظ ہیں۔ اگرچہ کسی طبی آلات کو نقصان نہیں پہنچا، تاہم عمارت کے ڈھانچے کو جزوی نقصان ہوا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے