اے ایم یو نے اولمپین ظفر اقبال کو میجر دھیان چند لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ملنے پر تہنیت پیش کی
علی گڑھ, 30 مارچ (ہ س)ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور 1980 کے ماسکو اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ جناب ظفر اقبال کو ہاکی انڈیا کی سالانہ ایوارڈ تقریب میں میجر دھیان چند لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ 2025سے نوازا گیا، جو ہندوستانی ہاکی میں ان کی شاندار خدم
ظفر اقبال


علی گڑھ, 30 مارچ (ہ س)ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور 1980 کے ماسکو اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ جناب ظفر اقبال کو ہاکی انڈیا کی سالانہ ایوارڈ تقریب میں میجر دھیان چند لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ 2025سے نوازا گیا، جو ہندوستانی ہاکی میں ان کی شاندار خدمات کااعتراف ہے۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ممتاز سابق طالب علم ظفر اقبال 1980 کے ماسکو اولمپکس میں ہندوستان کی گولڈ میڈل جیتنے والی ٹیم کے اہم رکن تھے اور بعد ازاں قومی ٹیم کے کپتان بھی رہے، جنہوں نے 1984 لاس اینجلس اولمپکس میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کی۔ انہوں نے کوچ، سلیکٹر اور مینٹور کے طور پر بھی ہندوستانی ہاکی کی خدمت کی ہے۔

اس باوقار اعزاز پر انھیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ یہ اعزاز پوری اے ایم یو برادری کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظفر اقبال کا مثالی کریئر، جو قیادت، لگن اور کھیل میں شاندار کارکردگی سے عبارت ہے، نئی نسل کے کھلاڑیوں کے لیے باعث تحریک ہے۔

الومنئی افیئرز کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر سرتاج تبسم نے یونیورسٹی اور علیگ برادری کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ کھیل کے تئیں جناب ظفر اقبال کی تاحیات وابستگی کا بہترین اعتراف ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ظفر اقبال نے اے ایم یو سے ارضیات میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی۔ انھیں اس سے قبل بھی کئی باوقار اعزازات سے نوازا جا چکا ہے، جن میں ارجن ایوارڈ (1983)، یش بھارتی ایوارڈ (1994) اور پدم شری (2012) شامل ہیں۔

اے ایم یو برادری نے ان کی اس دستیابی پر فخر و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحت و کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande