
اے ایم یو کے شعبہ لائبریری و انفارمیشن سائنس کی جانب سے بین الاقوامی کانفرنس کا اہتمام
علی گڑھ، 28 مارچ (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس نے لائبریریز میں ابھرتے ہوئے رجحانات پر ایک دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جس میں دنیا بھر سے نامور ماہرین، پیشہ ور افراد اور پالیسی سازوں نے شرکت کی اور لائبریری و انفارمیشن سائنس کے بدلتے ہوئے منظرنامے پر غور و خوض کیا۔ افتتاحی اجلاس میں کانفرنس کے کنوینر پروفیسر ایم معصوم رضا نے مصنوعی ذہانت کے دور میں لائبریریوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اطلاعات کے ماہرین کے لیے مسلسل سیکھنے اور نئی مہارتوں کا حصول ناگزیر ہے تاکہ وہ تکنیکی تبدیلیوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔
پنجاب یونیورسٹی کی پروفیسر پریتی مہاجن (کانفرنس ڈائریکٹر) نے مؤثر انفارمیشن ڈلیوری سسٹم کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس کانفرنس کو علمی تبادلہ کا ایک عالمی پلیٹ فارم قرار دیا۔ امریکن لائبریری ایسوسی ایشن کی صدر محترمہ سیم ہیلمک نے آن لائن خطاب کیا۔ پروفیسر اکرام حسین، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، اے ایم یو نے موجودہ دور میں لائبریری خدمات کی تیزی سے بدلتی صورت حال پر روشنی ڈالی۔ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر اشوک کمار مشرا، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انسالوینسی پروفیشنلز آف آئی سی اے آئی، نوئیڈا نے کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے ڈیجیٹل عہد میں لائبریریوں کے انقلابی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جدید لائبریریاں اب صارف مرکوز اور باہمی تعامل کو فروغ دینے والی جگہوں میں تبدیل ہو رہی ہیں، جو تخلیقی صلاحیت اور علم کے تبادلے کو بڑھاتی ہیں اور روایتی تعلیمی حدود سے آگے اپنی اہمیت قائم کر رہی ہیں۔
اپنے صدارتی خطاب میں اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے مولانا آزاد لائبریری کو ایشیا کے بہترین علمی ذخائر میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ لائبریریاں ایک بنیادی تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہی ہیں اور وہ مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، ڈیٹا اینالیٹکس اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ جیسی ٹکنالوجیز کے باعث متحرک اور جدید مراکز میں تبدیل ہو رہی ہیں۔ کانفرنس کے لیے تقریباً 120 تحقیقی مقالات موصول ہوئے، جن میں سے 63 مقالات کو پیشکش اور اشاعت کے لیے منتخب کیا گیا۔ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں سووینیئر کا اجراء بھی عمل میں آیا۔ آخر میں یونیورسٹی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ نے کلمات تشکر ادا کئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ