ایل جی نے اعلی سطحی اجلاس میں نشہ مکت بھارت ابھیان کا جائزہ لیا
ایل جی نے اعلی سطحی اجلاس میں نشہ مکت بھارت ابھیان کا جائزہ لیا جموں، 28 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کے روز لوک بھون جموں میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران یو ٹی میں نشہ مکت بھارت ابھیان کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ا
Lg


ایل جی نے اعلی سطحی اجلاس میں نشہ مکت بھارت ابھیان کا جائزہ لیا

جموں، 28 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کے روز لوک بھون جموں میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران یو ٹی میں نشہ مکت بھارت ابھیان کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں کو نشے کی لت میں دھکیلنے والے اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو منشیات کی لت میں مبتلا کرنے کی منظم اور خطرناک کوششیں کی جا رہی ہیں، جس کے تدارک کے لیے سخت قانونی کارروائی، مؤثر روک تھام اور جامع حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے تاکہ منشیات کی اسمگلنگ اور نارکو دہشت گردی کے پورے نیٹ ورک کو ختم کیا جا سکے۔

لیفٹیننٹ گورنر نے نشہ مکت جموں و کشمیر کے ہدف کے حصول کے لیے عوامی شمولیت اور مربوط حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں پانچ اہم شعبوں انفورسمنٹ، معلوماتی مہم (آئی ای سی)، کونسلنگ، علاج اور بازآبادکاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ غلط بیانیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے سوشل میڈیا نگرانی کے نظام کو بھی مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ تعلیمی اداروں میں خصوصی طور پر سخت اقدامات نافذ کیے جائیں اور نارکو دہشت گردی کے کسی بھی باقی ماندہ عناصر کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اس کے علاوہ عوام کو ترغیب دینے کی ہدایت دی گئی کہ وہ منشیات سے متعلق سرگرمیوں کی اطلاع پولیس اور انتظامیہ کو دیں۔

اجلاس میں آئندہ نشہ مخالف بیداری مہم کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مذہبی رہنماؤں، سماجی تنظیموں، سابق فوجیوں، این سی سی، این ایس ایس، اسکاؤٹس و گائیڈز اور سیاسی قائدین کو اس مہم میں شامل کیا جائے۔ اجلاس میں گزشتہ ایک سال کے دوران نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت ہونے والی سرگرمیوں، تمام اضلاع کو نشہ مکت جے اینڈ کے پورٹل پر شامل کرنے، نوڈل افسران کی تعیناتی، کمیونٹی پروگرامز، تربیت، منشیات سے نجات کے مراکز کی مضبوطی اور دیگر اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے سرحدی دیہات کی ہمہ جہت ترقی کے لیے وائبرنٹ پروگرام کو ترجیح دینے کی بھی ہدایت دی۔ اجلاس میں چیف سکریٹری اٹل ڈلو، ڈی جی پی نلین پربھات اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande