
نئی دہلی ، 28مارچ(ہ س)۔جامعہ ہمدرد کے اسکول آف یونانی میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے ڈپارٹمنٹ آف جراہیات و ڈپارٹمنٹ آف عین اذن انف و حلق کے زیر نگرانی اور مجیدیہ یونانی ہاسپیٹل کے تعاون سے ہفتہ کو جامعہ نگر ،اوکھلا، نئی دہلی میں مفت میڈیکل ہیلتھ کیمپ منعقد کیا گیا۔ اس میں ڈپارٹمنٹ آف جراہیات کے صدر ڈاکٹر منہاج احمد ، ڈپارٹمنٹ آف عین اذن انف و حلق کے صدر ڈاکٹر زہرا زیدی، ڈاکٹر عبدالناصر اور آل انڈیاانسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنسیز کی ڈاکٹر قصہ سیدہ نے علاج و معالجہ کا فریضہ انجام دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ جونیئرڈاکٹر کی ٹیم ڈاکٹر محمد فیضان اظہر،ڈاکٹر ریشما ناز،ڈاکٹر صدف، ڈاکٹرجویریہ ،نصرت جہاں اور محمد ساجد نے بھرپور تعاون کیا۔
اس کیمپ میں مریضوں کی کثیر تعداد تھی جن میں بلڈ پریشر، ذیابیطس شکری، ورم مفاصل ،جوڑوں کے درد، دمہ،بواسیر، قبض و اسہال، ورم کبد،ڈائیبیٹک فٹ ،ہائڈروسیل، گردے کی پتھری،بواسیر، بھگندر، آنکھوں سے پانی آنا، بینائی کا کمزور ہونا، کیٹیریکٹ و گلوکوما ، وجع الاذن ، ضعف سماعت و پائیریاکے مریض پائے گئے۔ اس کیمپ میں مریضوں کا عمومی امتحان جیسے ٹیمپریچر ، بلڈپریشر، وزن کیا گیا نیز مفت جانچ جیسے بلڈ شوگر ٹیسٹ، ویزن ٹیسٹ کئے گئے جس سے مریضوں میں خوشی کی لہر تھی۔
اس میں مریضوں کو مفت ادویہ بھی تقسیم کی گئی۔ اس کیمپ کا مقصد یونانی طریقہ علاج کو عام لوگوں تک پہنچانااور اپنی تاثیر کی طرف مرغوب کرناتھا۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد