
لداخ، 28 مارچ (ہ س)۔
چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس سوریہ کانت نے ہفتہ کے روز لیہہ میں نئے تعمیر شدہ ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کا افتتاح کیا، جسے یو ٹی لداخ میں عدالتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔افتتاحی تقریب میں لیفٹیننٹ گورنر وِنے کمار سکسینہ اور ہائی کورٹ جموں و کشمیر و لداخ کے چیف جسٹس جسٹس ارون پلی سمیت دیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔چیف جسٹس کی آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ روایتی ثقافتی پروگرام کے ذریعے لداخ کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی بھی کی گئی۔تقریب کے دوران کمپلیکس کے جدید ڈیزائن اور سہولیات پر مشتمل ایک تھری ڈی پریزنٹیشن پیش کی گئی، جس میں عدالتیں، انتظامی دفاتر اور رہائشی کوارٹرز شامل ہیں۔اس موقع پر جسٹس سوریہ کانت نے میلونگ تھانگ میں لداخ لیگل سروسز اتھارٹی کی نئی عمارت کا بھی افتتاح کیا اور کمپلیکس کے احاطے میں شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ یہ جدید عدالتی سہولیات آنے والی نسلوں تک لیہہ کے عوام کو فائدہ پہنچائیں گی اور انصاف تک رسائی کو مزید بہتر بنائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ اپنے دورے کے دوران کرگل میں اسی نوعیت کے ایک اور ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس 54.85 کروڑ روپے جبکہ ایل ایل ایس اے عمارت 5.70 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے۔
تقریب میں لداخ کے چیف سکریٹری، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، جی او سی 14 کور، رجسٹرار جنرل سمیت متعدد سول و عدالتی افسران نے شرکت کی۔ بعد ازاں چیف جسٹس نے میلونگ تھانگ میں ہائی کورٹ کے جدید گیسٹ ہاؤس کا بھی معائنہ کیا۔یہ نیا ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس لداخ میں عدالتی نظام کی کارکردگی اور عوام کی رسائی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر