
عوام کی نظر میں پارٹ ٹائم لیڈر ہیں تیجسوی یادو : امیش سنگھ کشواہا
پٹنہ، 28 مارچ (ہ س)۔ جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے ریاستی صدر امیش سنگھ کشواہا نے ہفتہ کے روز جاری بیان میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں عوام کی نظروں میں ’پارٹ ٹائم‘ لیڈر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تیجسوی یادو کی سیاست صرف اقتدار حاصل کرنے کے مقصد تک محدود ہے، تاکہ لوٹ اور بدعنوانی کی پرانی روایت ایک بار پھر ریاست میں قائم ہوسکے۔
امیش کشواہا نے طنزیہ انداز میں کہا کہ تیجسوی یادو نے نہ تو طالب علمی کے زمانے میں اپنی پڑھائی کو سنجیدگی سے لیا اور نہ ہی جوانی میں اپنے کرکٹ کیریئر کو اور اب سیاست میں ان کی سنجیدگی کی کمی صاف نظر آرہی ہے۔ بہار کے عوام ایسی موقع پرست اور غیر سنجیدہ قیادت کو اچھی طرح پہچان چکے ہیں۔ ان کی دکھاوے کی سیاست زیادہ دن نہیں چلے گی۔
ریاستی صدر نے کہا کہ تیجسوی یادو میں نہ تو عام لوگوں کے تئیں جوابدہی کا احساس ہے اور نہ ہی بہار کی بہتری کے لیے کوئی سنجیدہ عزم ہے۔ ان کی سیاست کی اصل بنیاد صرف بے بنیاد بیان بازی، پروپیگنڈہ پھیلانا اور کوئی کام کیے بغیر جھوٹا کریڈٹ لینا بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہار کے باشعور عوام نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں این ڈی اے کو لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں زبردست مینڈیٹ دے کر واضح کر دیا ہے کہ بہار کے عوام کو جھوٹ اور فریب کی سیاست سے مزید گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔ ریاستی صدر نے کہا کہ جو لیڈران غیر ملکی دوروں کے عادی ہیں وہ عوام کا کبھی بھلا نہیں کر سکتے۔ بہار کے عوام کو ایسے بے حس لیڈروں اور اپوزیشن سے کوئی امید نہیں ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan