
علی گڑھ دھنی پور ایئرپورٹ اور ٹپل لاجسٹک پارک ۔ ترقی کی نئی اڑان
علی گڑھ، 28 مارچ (ہ س)۔ اتر پردیش میں تیزی سے ترقی کرتے بنیادی ڈھانچے کے درمیان نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ (جیور ایئرپورٹ) کا افتتاح صرف ایک ہوائی اڈے کا آغاز نہیں بلکہ پورے مغربی اتر پردیش کی معیشت کو نئی سمت دینے والا اہم قدم ہے۔ خاص طور پر علی گڑھ میں دھنی پور ایئرپورٹ اور ٹپل علاقے میں بننے والا لاجسٹک پارک اس تبدیلی کے اہم مراکز کے طور پر ابھر رہے ہیں۔
وزیر اعظم کی جانب سے جیور ایئرپورٹ کے افتتاح کے بعد علی گڑھ کا دھنی پور ایئرپورٹ اور ٹپل لاجسٹک پارک اب صرف معاون منصوبے نہیں رہیں گے بلکہ مغربی اتر پردیش کی اقتصادی ترقی کے اہم انجن ثابت ہوں گے۔ یہ اقدام “لوکل ٹو گلوبل” کے تصور کو حقیقت میں بدلتے ہوئے علی گڑھ کو ایک مضبوط صنعتی اور لاجسٹک ہب کے طور پر قائم کرے گا۔ اس مربوط ترقی سے آنے والے برسوں میں علی گڑھ نہ صرف “تالہ نگری” بلکہ ایک جدید لاجسٹک اور برآمدی مرکز کے طور پر بھی پہچانا جائے گا۔
جیور ایئرپورٹ کے قریب ٹپل میں تیار ہو رہا لاجسٹک پارک اس پورے نظام کو مضبوطی فراہم کرے گا۔ سڑک، ریل اور فضائی رابطے سے جڑا یہ پارک مال برداری کو آسان اور کم لاگت بنائے گا۔ بڑے پیمانے پر ویئرہاؤس، پیکیجنگ یونٹس اور ڈسٹری بیوشن سینٹر قائم ہونے سے ای-کامرس اور ریٹیل کمپنیوں کو فائدہ ہوگا۔
اس کے ساتھ ہی مقامی نوجوانوں کے لیے ٹرانسپورٹ، ویئرہاؤسنگ، پیکیجنگ اور سپلائی چین مینجمنٹ جیسے شعبوں میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔
علی گڑھ کا دھنی پور ایئرپورٹ پہلے ہی علاقائی کنیکٹیویٹی اسکیم کے تحت تیار کیا جا چکا ہے، مگر جیور ایئرپورٹ کے فعال ہونے کے بعد اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ مستقبل میں اسے ایک “فیڈر کارگو ہب” کے طور پر ترقی دی جا سکتی ہے، جہاں سے مقامی مصنوعات جیسے تالے، ہارڈویئر، پیتل کی مورتیاں اور ڈیری مصنوعات تیزی سے جیور ایئرپورٹ تک پہنچائی جا سکیں گی۔ یہ تمام ترقیاتی اقدامات علی گڑھ کو ایک جدید صنعتی، تجارتی اور برآمدی مرکز بنانے کی سمت میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ