شہر میں جاری تعمیراتی کام جلد مکمل ہوں، ٹریفک نظام بہتر بنانے کے احکامات
علی گڑھ، 28 مارچ (ہ س)۔ ضلع مجسٹریٹ سنجیو رنجن کی صدارت میں کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں ضلع سڑک تحفظ کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں شہر کی ٹریفک صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈی ایم نے پی ڈبلیو ڈی اور نگر نگم کو ہدایت دی
میٹنگ لیتے ہوئے ڈی ایم


علی گڑھ، 28 مارچ (ہ س)۔

ضلع مجسٹریٹ سنجیو رنجن کی صدارت میں کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں ضلع سڑک تحفظ کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں شہر کی ٹریفک صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈی ایم نے پی ڈبلیو ڈی اور نگر نگم کو ہدایت دی کہ شہر میں جاری تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو ہموار ٹریفک کی سہولت فراہم ہو سکے۔ انہوں نے آر ایم روڈویز کو بھی ہدایت دی کہ سوت مل بس اڈے سے بسوں کا باقاعدہ اور منظم آپریشن یقینی بنایا جائے، تاکہ چوراہوں اور شہر بھر میں ٹریفک نظام بہتر ہو۔

گاؤں بھرتھری کے قریب غیر قانونی کٹ کو بند کرنے کے لیے ڈی ایم نے ایس ڈی ایم اور پولیس کو گرام پردھان اور مقامی شہریوں کے ساتھ تال میل کر کارروائی مکمل کرنے کے احکامات دیے۔

بلیک اسپاٹس کے حوالے سے ایگزیکٹو انجینئر پی ڈبلیو ڈی یوگیش کمار نے بتایا کہ رام گھاٹ-کلیان روڈ پر بیئر فیکٹری کے قریب پل کی چوڑائی بڑھانے کا کام جاری ہے، اورنی دَلپت پور میں اصلاحی کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ خیر-جٹاری روڈ پر اپریل کے دوسرے ہفتے میں کام شروع ہوگا۔

جسراتھ پور ٹراما سینٹر کے بارے میں بتایا گیا کہ تین ڈاکٹروں کی روٹیشن کی بنیاد پر 24 گھنٹے خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ 65 نجی ٹراما سینٹرز کو بھی صحت محکمہ سے منسلک کیا گیا ہے تاکہ حادثات کی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ پولیس اہلکاروں کو بھی 25 مارچ کو اس سلسلے میں تربیت دی جا چکی ہے۔

ڈی ایم نے رام گھاٹ روڈ پر واقع میرج ہوم، اسپتالوں اور تجارتی اداروں میں پارکنگ کے ناقص انتظام پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اے ڈی اے کو سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ صرف نوٹس جاری کرنے تک محدود نہ رہیں بلکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیلنگ کی کارروائی بھی کی جائے۔نگر نگم نے بتایا کہ شہر کے اہم چوراہوں پر زیبرا کراسنگ اور اسٹاپ لائن کے لیے ٹینڈر جاری کر دیے گئے ہیں اور اگلے ماہ تک کام مکمل کر لیا جائے گا۔ دیہی سڑک تحفظ ایکشن پلان کے تحت ڈی پی آر او نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں کمیٹیاں تشکیل دے کر میٹنگز کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ سڑک حفاظت کے اقدامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande