
علی گڑھ, 27 مارچ (ہ س)
جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فارماکولوجی کے چیئرمین پروفیسر سید ضیاء الرحمن نے روایتی ادویات کی فارماکوویجیلنس سے متعلق تربیتی پروگرام کے لیے بنیادی آگہی ماڈیولز کی تیاری پر مبنی ایک اجلاس کی صدارت کی، جس کا انعقادعالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) کے جنوب مشرقی ایشیا ریجنل آفس کے زیر اہتمام اس کی روایتی طب اقدام کے تحت کیا گیا۔
اجلاس میں منظم تربیتی ماڈیولز کی تیاری اور رکن ممالک میں صلاحیت سازی کے سلسلہ میں ایک مربوط فریم ورک کی تشکیل پر زور دیا گیا۔ ڈبلیو ایچ او کے جنوب مشرقی ایشیا ریجنل آفس کے رکن ممالک کے نمائندگان نے روایتی ادویات کے ضابطہ جاتی حیثیت، ادارہ جاتی ڈھانچے اور موجودہ فارماکوویجیلنس نظام کے بارے میں اپنے خیالات پیش کیے۔ اس موقع پر نگرانی کے حفاظتی نظام کو مضبوط بنانے کے سلسلہ میں موجود خلا اور مواقع کا بھی ذکر کیا گیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ