اے ایم یو کے ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج میں شعبہ پبلک ہیلتھ ڈینٹسٹری کا قیام
علی گڑھ، 27 مارچ (ہ س)۔ ایک اہم سنگ میل کے طور پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج میں باضابطہ ایک خودمختار اکائی کے طور پر پبلک ہیلتھ ڈینٹسٹری شعبہ کا قیام عمل میں آیا ہے۔ ڈاکٹر نیہا اگروال اس نئے قائم شدہ
ڈاکٹر نیہا اگروال


علی گڑھ، 27 مارچ (ہ س)۔ ایک اہم سنگ میل کے طور پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج میں باضابطہ ایک خودمختار اکائی کے طور پر پبلک ہیلتھ ڈینٹسٹری شعبہ کا قیام عمل میں آیا ہے۔

ڈاکٹر نیہا اگروال اس نئے قائم شدہ شعبہ کی چیئرپرسن ہیں۔ اس شعبہ کا قیام نیشنل ڈینٹل کونسل کی دیرینہ ضروریات کو پورا کرتا ہے، جو ادارے کی تعلیمی معیار اور ضابطہ جاتی اصولوں کی پابندی کی عکاس ہے۔ یہ دستیابی فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد، ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری اور انتظامی ٹیم کی مشترکہ کاوشوں اور رہنمائی سے ممکن ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کی قیادت نے اس پیش رفت میں اہم کردار ادا کیا۔

اس شعبہ کا قیام کمیونٹی کی سطح پر منھ اور دانتوں کی صحت کے مسائل سے نمٹنے میں پبلک ہیلتھ ڈینٹسٹری کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ شعبہ بی ڈی ایس کے آخری سال کے طلبہ کی تدریس اور پوسٹ گریجویٹ پروگرام کے انعقاد میں سرگرم کردار ادا کر رہا ہے، جس سے تعلیمی تربیت اور صلاحیت سازی کو فروغ مل رہا ہے۔

یہ شعبہ ڈینٹل صحت کیمپ، بیداری مہمات اور تحقیقی سرگرمیوں کے انعقاد میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کالج میں اوپی ڈی خدمات کے ساتھ ہی یہ شعبہ میڈیکل اٹینڈنس اسکیم، اربن ہیلتھ ٹریننگ سینٹر اور رورل ہیلتھ ٹریننگ سینٹر جیسے آؤٹ ریچ مراکز کے ذریعے اپنی خدمات کو مزید وسعت دیتا ہے۔

اساتذہ اور دیگر افراد نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس سے بین شعبہ جاتی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، طلبہ کی ٹریننگ میں بہتری آئے گی اور عوامی صحت اقدامات کو استحکام ملے گا۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande