
علی گڑھ, 27 مارچ (ہ س)۔
علی گڑھ نگر نگم کے پراپرٹی ٹیکس محکمہ میں مالی بے ضابطگی کے معاملے میں آؤٹ سورس پر تعینات کلرک کلدیپ جین کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔جانچ میں انکشاف ہوا ہے کہ کلرک نے ایڈمن آئی ڈی کا غلط استعمال کرتے ہوئے ٹیکس کی رقم میں غیر قانونی کمی کی، جو جعلسازی، فرضی دستاویز سازی اور خرد برد کے زمرے میں آتا ہے۔
محکمہ کے مطابق زون-2 کے تحت سنجے گاندھی کالونی کے مکان نمبر 1/200، سی سی-8 پر بقایا ٹیکس کی رقم 1,73,488 روپے تھی، جسے بغیر کسی مستند ریکارڈ کے ایڈمن آئی ڈی کے ذریعے ختم کرتے ہوئے صرف 11,684 روپے جمع دکھائے گئے۔ اس معاملے کی جانچ کے لیے 25 ستمبر کو کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔
تحقیقات میں ثابت ہوا کہ کلدیپ جین نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے رقم میں خورد برد کی۔ نگر آیوکت پریم پرکاش مینا نے زون-2 کے افسر کو ہدایت دی ہے کہ ملزم کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج کرائی جائے۔ ساتھ ہی کلدیپ جین کی خدمات بھی ختم کر دی گئی ہیں۔
نگر آیوکت نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پراپرٹی ٹیکس سسٹم سے متعلق سافٹ ویئر کے گزشتہ تین سال کے ڈیٹا کی تفصیلات میسرس مارسلوِس ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹڈ سے طلب کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ فرم کی جانب سے سالانہ بیک اپ فائلیں باقاعدگی سے جمع نہیں کرائی جا رہی تھیں، جس کے باعث مکمل آڈٹ ممکن نہیں ہو پا رہا تھا۔
حکام کے مطابق طلب کردہ ڈیٹا میں ٹیکس رسیدوں کے رول بیک، پوسٹنگ، نام کی تبدیلی، ترمیم اور دیگر تکنیکی عمل کی تفصیلات شامل ہوں گی، جن کی تکنیکی جانچ بھی کرائی جائے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ