
علی گڑھ, 27 مارچ (ہ س)۔
علی گڑھ-بَلّبھ گڑھ روٹ پر بدھ وہار ڈپو کی روڈویز بس میں 62 مسافروں کے بغیر ٹکٹ سفر کرنے کے معاملے میں محکمۂ ٹرانسپورٹ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے کئی اہلکاروں کے خلاف ایکشن لیا ہے، جس سے محکمہ میں ہلچل مچ گئی ہے۔
16 مارچ کو لکھنؤ ہیڈکوارٹر سے جی ایم گورو ورما کی قیادت میں انفورسمنٹ ٹیم نے بس کی چیکنگ کی، جس میں 64 میں سے 62 مسافر بغیر ٹکٹ پائے گئے۔ اسے سنگین بدعنوانی مانتے ہوئے محکمہ نے بس کے کنٹریکٹ ڈرائیور متھن اور کنڈکٹر جگدیش گوتم کو برطرف کرتے ہوئے ان کی خدمات فوری طور پر ختم کر دیں۔
اس کے علاوہ کنڈکٹر جگدیش گوتم کے خلاف تھانہ بنّادےوی میں ایف آئی آر درج کرائی گئی، جبکہ ٹریفک انسپکٹر گروِت شرما کو معطل کر دیا گیا۔تحقیقات کے دوران مزید بے ضابطگیاں سامنے آنے پر بدھ وہار ڈپو کے پردیپ کمار اور سنتوش کمار شرما، کاس گنج ڈپو کے اسسٹنٹ ٹریفک انسپکٹر ستیندر کمار اور علی گڑھ ڈپو کے راہل کمار کو بھی معطل کیا گیا ہے۔
روڈویز کے علاقائی منیجر ستیندر کمار ورما کے مطابق چیکنگ ٹیم میں شامل مہیش سنگھ (ڈرائیور، بدھ وہار ڈپو) اور پرمود کمار (ڈرائیور، کاس گنج ڈپو) کو بھی قصوروار پائے جانے پر معطل کیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کی بدعنوانی اور بے ضابطگیوں پر محکمہ کی کڑی نظر ہے اور آئندہ بھی قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ