
تلنگانہ میں ایندھن کی قلت نہیں، عوام خوفزدہ نہ ہوں : اتم کمار ریڈیحیدرآباد، 24 مارچ (ہ س)۔
وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں پٹرول ، ڈیزل اور ایل پی جی کی کوئی قلت نہیں ہے۔ انہوں نے قلت کے بارے میں افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے عوام کو بھروسہ دلایا کہ پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کا مناسب اسٹاک دستیاب ہے اور عوام کو خوف کے عالم میں خریداری سے گریز کرنا چاہئے۔ گزشتہ چند دنوں سے پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی قلت کا عوام کو سامنا کرنا پڑا اور پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔ اس صورتحال میں وزیر سیول سپلائیز نے عوام کو یقین دلایا کہ ریاست میں پٹرولیم پروڈکٹس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ تین ماہ کا اسٹاک تلنگانہ میں موجود ہے اور سپلائی طلب کے اعتبار سے انجام دی جارہی ہے۔ کمشنر سیول سپلائیز اسٹیفن رویندرا کے ہمراہ اتم کمار ریڈی نے میڈیا کو پٹرولیم اشیاء اور گیاس کے موقف سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ آئیل مارکیٹنگ کمپنیاں انڈین آئیل کارپوریشن، بھارت پٹرولیم کارپوریشن اور ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن نے مناسب سپلائی کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چہارشنبہ کے دن ریاست میں 17246 کلو لیٹر پٹرولیم پروڈکٹس کی طلب ریکارڈ کی گئی اور کمپنیوں نے 17898 کلو لیٹر فراہم کیا ہے جو 652 کلو لیٹر زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے خوف اور اندیشوں کے تحت روزانہ طلب میں 25 فیصد کا اضافہ ہوا اور حکام کی جانب سے 22 فیصد سے زائد کی تکمیل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم پروڈکٹس کی فراہمی طلب سے کہیں زیادہ ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 16,000 کلو لیٹر بفر اسٹاک کا انتظام کیا گیا ہے اور 1200 اضافی ٹینکرس کی خدمات حاصل کرتے ہوئے موثر سپلائی انجام دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹینکرس کے بروقت نہ پہنچنے کے نتیجہ میں بعض پٹرول پمپس پر نواسٹاک کے بورڈ آویزاں کئے گئے۔ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کے حصول کیلئے کیان اور کنٹینرس کے استعمال کا سختی سے نوٹ لیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ کارغیر قانونی اور نقصان دہ ہے۔ عہدیداروں کی جانب سے کنٹینرس اور کیانس میں پٹرول اور ڈیزل کے حصول کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کیلئے کیان اور کنٹینرس کے استعمال کو روکنے کیلئے عہدیداروں کو سخت ہدایات دی گئی ہیں۔ عہدیداروں کی جانب سے ایل بی نگر اور دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے پٹرول پمپس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیول سپلائیز ڈپارٹمنٹ نے موثر نگرانی کے لئے کنٹرول رومس قائم کئے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پٹرول پمپس پر عوام کا ہجوم محض خوف اور اندیشہ کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خوفزدہ نہ ہوں اور پٹرول و ڈیزل کی ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق