
نئی دہلی، 26 مارچ (ہ س)۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن اور وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو آندھرا پردیش کے مارکاپورم ضلع میں پیش آنے والے خوفناک سڑک حادثے پر اپنے غم کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50,000 روپے کے امدادی رقم کی ادائیگی کا اعلان کیا ہے۔
صدرجمہوریہ مرمو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا: مجھے آندھرا پردیش کے ضلع مارکاپورم میں پیش آنے والے المناک بس حادثے کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا ہے۔ میں غمزدہ خاندانوں سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ میرے خیالات اور دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتی ہوں۔
نائب صدرسی پی رادھا کرشنن نے ایکس پر پوسٹ کیا: آندھرا پردیش کے مارکاپورم ضلع میں پیش آنے والا المناک بس حادثہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔ غم کی اس گھڑی میں، میرے خیالات سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی اور اس سانحہ سے متاثرہ تمام لوگوں کے لیے طاقت کے لیے دعا کرتا ہوں۔
وزیر اعظم کے دفتر سے ایکس پر ایک پوسٹ میں، وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ آندھرا پردیش کے مارکاپورم میں حادثہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے ان لوگوں کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کیا جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ انہوں نے خدا سے دعا کی کہ زخمیوں کو جلد از جلد صحت یاب کرے۔
مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے 2 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم ہر مرنے والے کے لواحقین کو دی جائے گی، جبکہ زخمیوں کو 50،000 روپے فراہم کیے جائیں گے۔
آندھرا پردیش کے مارکاپورم میں جمعرات کی صبح ایک تیز رفتار ٹپر ٹرک نجی بس سے ٹکرا گیا جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں 10 مسافر موقع پر ہی جھلس کر ہلاک ہو گئے، جب کہ متعدد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد