
جموں, 26 مارچ (ہ س)۔ قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے جموں و کشمیر پولیس کے خلاف مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جموں سے دو ہفتوں کے اندر ایکشن ٹیکن رپورٹ (اے ٹی آر) طلب کر لی ہے۔کمیشن کی یہ کارروائی جموں کے ایک شہری اور دیگر وکلاء کی جانب سے دائر شکایت کے بعد عمل میں آئی، جس میں پولیس پر ملزمان کی سرِعام تذلیل اور غیر قانونی طور پر جلوس نکالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔شکایت کے مطابق 11 جون 2025 کو گنگیال کے علاقے میں مبینہ طور پر تین ملزمان کو ہتھکڑیاں لگا کر عوام کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ 24 جون 2025 کو ایک اور ملزم کو جوتوں کا ہار پہنا کر سڑکوں پر گھمایا گیا۔
کمیشن نے کہا ہے کہ اگر یہ الزامات درست ثابت ہوئے تو یہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آئیں گے۔ اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کر کے مقررہ مدت کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔این ایچ آر سی نے شکایت کی نقل ایس ایس پی جموں کو بھی ارسال کر دی ہے اور ہدایت دی ہے کہ مقررہ طریقہ کار کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شکایت کنندگان نے آزادانہ تحقیقات اور ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر