
پولیس، سوشل سروس اور طبی ٹیم کی مشترکہ کوشش کامیاب
تھانے، 26 مارچ (ہ س)۔ تھانے کے علاقائی نفسیاتی اسپتال نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے تقریباً 4 ماہ سے لاپتہ ایک نوجوان کو اس کے اہلِ خانہ سے ملا دیا، جو ممبئی میں ذہنی طور پر پریشان حالت میں پایا گیا تھا۔ اس عمل میں اسپتال کے طبی عملے، سوشل سروس شعبہ اور پولیس کے باہمی تعاون نے کلیدی کردار ادا کیا۔
اسپتال کے مطابق، ایسے کئی واقعات سامنے آتے رہے ہیں جہاں گھر سے بچھڑے بچے، نوجوان یا بزرگ افراد بھٹکتے ہوئے یہاں پہنچتے ہیں یا لائے جاتے ہیں، اور ادارہ نہ صرف ان کے علاج پر توجہ دیتا ہے بلکہ ان کی یادداشت بحال کرکے انہیں ان کے اہلِ خانہ سے بھی ملوانے کی کوشش کرتا ہے۔ اسی سلسلے میں یہ حالیہ معاملہ بھی کامیابی سے حل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق، 7 نومبر 2025 کو ممبئی کے میرین ڈرائیو علاقے میں ایک نوجوان ذہنی طور پر غیر مستحکم حالت میں پایا گیا تھا، جسے پولیس نے علاج کے لیے ٹھانے علاقائی نفسیاتی (ریجنل سائیکیٹریک ) اسپتال میں داخل کرایا۔ ابتدائی طور پر وہ خاموش اور غیر متعامل تھا، جس کے پیش نظر اس کا علاج میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیتاجی مولک کی نگرانی میں شروع کیا گیا۔
اسپتال کے عملے نے مسلسل گفتگو اور دیکھ بھال کے ذریعے مریض سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی۔ چند دن بعد اس نے اپنا نام سریندر شرما (بدلا ہوا نام) بتایا اور خود کو بہار کے ضلع چھپرا کا رہائشی قرار دیا۔ اس کے بعد سوشل سروس سپرنٹنڈنٹ ستیش واگھ نے فوری طور پر بہار پولیس سے رابطہ کیا اور داؤدپور پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر کندن کمار کے ساتھ تال میل قائم کیا۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مریض کا خاندان اس وقت بہار میں نہیں بلکہ دہلی میں مقیم ہے۔ پولیس نے مریض کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جس کے بعد ایک مقامی شخص نے مریض کے بھائی ریتیش کا رابطہ نمبر فراہم کیا۔ بعد ازاں 13 جنوری 2026 کو ویڈیو کال کے ذریعے مریض کی شناخت کی تصدیق ہوئی۔
چونکہ اس وقت مریض مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہوا تھا، اس لیے ڈاکٹروں نے علاج مکمل ہونے کے بعد ہی اسے خاندان کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس دوران اسپتال کے عملے نے کاؤنسلنگ کے ذریعے اسے نفسیاتی مدد فراہم کی۔ بعد میں صحت میں بہتری آنے پر اس کے بھائی ریتیش کو اسپتال بلایا گیا، جہاں دونوں کی ملاقات جذباتی ماحول میں ہوئی۔
ریتیش نے اس موقع پر کہا کہ ان کا بھائی پہلے دہلی سے لاپتہ ہو گیا تھا، لیکن تھانے کے علاقائی نفسہاتی اسپتال نے اسے تلاش کرکے خاندان کو بڑی راحت پہنچائی ہے۔ اس پورے عمل میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر پراچی چیوٹے، سینئر سائیکیاٹرسٹ ڈاکٹر آشیش پاٹھک، ڈاکٹر منوج بھیسے، نتن شیوڑے، میٹرن مادھوری کامبلے، نرس سمیتا رانے، روپالی بھگت اور سوشل سروس شعبہ کے دیگر افسران اور عملے نے اہم کردار ادا کیا۔
اس حوالے سے اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیتاجی مولک نے کہا کہ ذہنی صحت کے علاج میں طبی نگہداشت کے ساتھ بحالی کا عمل بھی نہایت اہم ہوتا ہے، اور یہ ان کے لیے اطمینان بخش ہے کہ مذکورہ مریض اپنے خاندان سے دوبارہ مل سکا۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے