

نئی دہلی، 26 مارچ (ہ س)۔ حکومت ِقومی دارالحکومت علاقہ دہلی کے محکمہ¿ آیوشنے بچوں کی بہتر نگہداشت اور ہنگامی طبی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے میڈیکل افسران اور طلبہ کے لیے ایک اہم تربیتی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔”سیونگ بیبیزسیونگ انفینٹس“ کے عنوان سے منعقدہ یہ عملی ورکشاپس آیورویدک اینڈ یونانی طبیہ کالج و اسپتال میں 23 مارچ سے 28 مارچ 2026 تک جاری ہیں۔ اس منفرد اقدام کا مقصد آیوش ڈاکٹروں کو بچوں میں جان لیوا طبی علامات کی بروقت شناخت، ابتدائی طبی استحکام اور فوری ریفرل کے درست فیصلے کرنے کی پیشہ ورانہ مہارت فراہم کرنا ہے۔
ہندوستان میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کی اموات کی شرح، جو کہ تقریباً 32.6 فی ایک ہزار زندہ پیدائش ہے، ایک بڑا چیلنج ہے اور نمونیا و انفیکشن جیسی بیماریوں پر بروقت قابو پا کر ان اموات کو روکا جا سکتا ہے۔ چونکہ دہلی کی 207 آیوش ڈسپنسریاں عوامی سطح پر صحت کا پہلا مرکز ثابت ہوتی ہیں، اس لیے ان ڈاکٹروں کی تربیت نہایت اہمیت کی حامل ہے۔
یہ پائلٹ پروگرام وزارتِ آیوش، حکومتِ ہند کی حمایت اور لائف لائن فاؤنڈیشن (گجرات) کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، جبکہ ایچ ڈی ایف سی اسیٹ مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) فنڈز کے ذریعے اس میں تعاون فراہم کیا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر آیوش، ڈاکٹر یوگیتا منجل نے واضح کیا کہ گزشتہ سال 1900 سے زائد معالجین کو ٹراما کیئر کی تربیت دی گئی تھی اور اب بچوں کی جان بچانے کے لیے یہ خصوصی سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ لائف لائن فاؤنڈیشن کی ٹرسٹی محترمہ سشمیتا داس نے بھی بروقت تشخیص اور ابتدائی علاج کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس تربیتی پروگرام کو خوش آئند قرار دیا۔
اس چھ روزہ ورکشاپ کے دوران 500 سے زائد ڈاکٹروں کو تربیت دینے کا ہدف رکھا گیا ہے، جن میں سے 300 سے زائد شرکائاب تک ماہرین کی نگرانی میں عملی مشقیں مکمل کر چکے ہیں۔ یہ تربیت تمام شرکاءکے لیے بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ دہلی میں بچوں کی صحت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد