
جموں،20 مارچ (ہ س)۔
شیو سینا کی جموں و کشمیر یونٹ نے جموں میں فلم سٹی کے قیام اور مقامی فنکاروں کے لیے مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پارٹی کے علاقائی دفتر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی صدر منیش ساہنی نے کہا کہ جموں و کشمیر صرف قدرتی حسن کے لیے ہی نہیں بلکہ بے پناہ ٹیلنٹ، جذبے اور تخلیقی صلاحیتوں کی سرزمین بھی ہے، تاہم یہاں کے فنکار آج بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مناسب مواقع سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتیں ترقی کے بڑے بڑے دعوے کرتی ہیں، مگر زمینی حقیقت یہ ہے کہ جموں کے ہزاروں فنکار وسائل اور مواقع کی کمی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مجوزہ فلم سٹی نہ صرف ایک انفراسٹرکچر منصوبہ ہوگا بلکہ یہ جموں کے نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر کا مرکز بنے گا، جہاں مقامی ٹیلنٹ کو پہچان ملے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔منیش ساہنی نے مرکزی حکومت اور متعلقہ محکموں سے اپیل کی کہ جموں میں عالمی معیار کی فلم سٹی قائم کی جائے اور علاقائی و شارٹ فلموں کو فروغ دیا جائے۔اس موقع پر مختصر فلموں وارئیر دیویانی اور نشہ 370 کے پوسٹرز کی رونمائی بھی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلمیں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ جموں کے نوجوان نہ صرف تفریح بلکہ خواتین کو بااختیار بنانے اور منشیات کے خلاف بیداری جیسے اہم سماجی مسائل پر بھی کام کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر