
علی گڑھ، یکم مارچ (ہ س)۔
ضلع بھر میں تراویح میں کلام پاک مکمل ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔علی گڑھ کے سابق میئر اور انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے نائب صدر محمد فرقان کی رہائش گاہ دارالفرقان میں مسلسل کئی سالوں سے ہورہی تراویح میں قرآن سنائے جانے کے نظم کے تحت آج مولانا شان عالم نے تکمیل قرآن کے موقع پر قرآن کی فضیلت پر روشنی ڈالی اورکہا کہ قرآن مجید سرچشمہ ہدایت ہے لہٰذا اس کتاب کو ضابطہ زندگی کی حیثیت سے پڑھا جائے،ہم یہ جاننے کے لئے فکر مند ہوں کہ اللہ رب العزت نے کیا کیا احکامات دیئے ہیں جن پر عمل پیرا ہوکر دنیا وی زندگی کو سنوار کر آخرت کی لازوال مسرتیں حاصل کی جاسکتی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ وہ کتاب مبین ہے جس کا پڑھنا پڑھانا، سننا سنانا،سمجھنا سمجھانا،یہاں تک کے اسکو محبت سے دیکھنا بھی ایک عبادت ہے،یہ گمراہوں کے لئے نشانِ منزل ہے اور یہ وہ نسخہ کیمیا ہے جو دنیا و آخرت کے تمام مسائل کا حل ہے۔
سابق میئر محمد فرقان نے کہا کہ جن لوگوں کو اللہ تعالی نے قرآن حفظ کی نعمت عطا فرمائی ہے اور اس ماہِ مبارکب میں قرآن کریم سنا رہے ہیں جنکی وجہ سے ضلع بھر کی مساجد آباد ہیں اور گھروں میں بھی رکوع و سجود کے ساتھ تلاوت کی بہاریں جاری ہیں،اللہ تعالی ان حفاظ کرام کو قرآن مجید کی خدمت کے لئے قبول فرمائے اور ہم سب کو قرآن کی برکت سے اسلام کا سچا خادم بنا دے اور قرآن کو سمجھ کر پڑھنے اور پڑھانے کی سعادت نصیب فرمائے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے گھر پرکئی سالوں سے یہ سلسلہ جاری ہے جس کو ہمارے رفقاء قائم کئے ہوئے ہیں یہ بھی قرآن کی برکت ہے،اس موقع پر انجینئر فیروز احمد، کنور عارف علی خاں، سلام وطن کے ایڈیٹر ڈاکٹر مسعود احمد،محمد تابش اور عبداللہ کے ساتھ حسب سابق بڑی تعداد میں قرب وجوار کے لوگ شریک رہے۔مولانا شان کی اجتماعی دعا پر جلسہ اختتام ہوا۔۔۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ