
تہران،28فروری(ہ س)۔اقوام متحدہ سے منسلک بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے ایک خفیہ رپورٹ جاری کی ہے جس میں ایران پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے تمام ایٹمی مقامات کے معائنے کی اجازت دے۔ اس نے اصفہان کو ایک نئی افزودگی کی تنصیب اور وہاں ذخیرہ کیے گئے بم بنانے کے قریب ترین درجے کے یورینیم کی وجہ سے تشویش کا مرکز قرار دیا ہے۔ رائٹرز کی طرف سے دیکھی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ ایجنسی نے تسلیم کیا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر فوجی حملوں نے ایک غیر معمولی صورتحال پیدا کر دی ہے لیکن یہ ضروری ہے کہ ایران میں تصدیقی سرگرمیاں بغیر کسی تاخیر کے انجام دی جائیں۔یہ رپورٹ 35 رکنی بورڈ کے سہ ماہی اجلاس سے قبل بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے اراکین کو بھیجی گئی۔ یہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات جاری ہیں۔ ان مذاکرات کا تیسرا دور بغیر کسی پیش رفت کے منعقد ہوا تھا۔اسی سلسلے میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے ایران سے تعمیری تعاون کی اپیل کی ہے اور جمعہ کو فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کی طرف سے دیکھی گئی ایک غیر اشاعتی رپورٹ کے مطابق اس بات پر زور دیا ہے کہ اس کے تمام جوہری مواد کی تصدیق کی درخواست انتہائی فوری نوعیت کی ہے۔ ایجنسی کی جانب سے جاری رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ 2 مارچ 2026 سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران ویانا میں تکنیکی مذاکرات منعقد ہوں گے۔ یاد رہے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائیل گروسی نے 17 اور 26 فروری کو ہونے والے ایران-امریکہ مذاکرات میں شرکت کی تھی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ایران سے ایجنسی کے ساتھ تعمیری تعاون کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ ایران میں حفاظتی اقدامات پر مکمل اور موثر عمل درآمد کو آسان بنایا جا سکے۔ یہ بھی زور دیا گیا کہ ایران میں متعلقہ تنصیبات میں پہلے سے اعلان کردہ تمام جوہری مواد تک ایجنسی کی رسائی کے تسلسل کا فقدان انتہائی فوری طور پر حل کیا جانا چاہیے۔ اسی دوران بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ وہ اب تک ایران کی طرف سے اعلان کردہ چار یورینیم افزودگی کی تنصیبات میں سے کسی تک بھی رسائی حاصل نہیں کر سکی ہے۔ایجنسی نے یہ تصدیق کی ہے کہ اس کے پاس تہران کے افزودہ یورینیم کے ذخیرے کی موجودہ مقدار یا مقام کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں اور نہ ہی یہ معلوم ہے کہ آیا انہوں نے تمام افزودگی کے عمل کو روک دیا ہے یا نہیں۔ ایجنسی نے واضح کیا کہ ایران نے ان جوہری تنصیبات کی حالت کے بارے میں کوئی رپورٹ فراہم نہیں کی ہے جن پر حملے ہوئے تھے۔ نہ ہی ان سے وابستہ جوہری مواد کے بارے میں کوئی معلومات دی ہیں اور نہ ہی اپنے معائنہ کاروں کو ان مقامات تک رسائی کی اجازت دی ہے۔ ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں ایران میں بغیر کسی تاخیر کے تصدیقی سرگرمیاں انجام دینے کے لیے خود کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔یہ پہلا موقع ہے جب ایجنسی نے 60 فیصد تک افزودہ یورینیم کے ذخیرہ کرنے کے مقام کے بارے میں اطلاع دی ہے۔ یہ جوہری ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال ہونے والی 90 فیصد کی سطح کے قریب ہے۔ سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ اصفہان میں تنصیب کے داخلی دروازے پر جون میں امریکی اور اسرائیلی فوجی حملوں کے دوران بمباری کی گئی تھی تاہم سائٹ کو پہنچنے والا نقصان محدود معلوم ہوتا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan