
سرکاری اسکولوں میں فوڈ پوائزننگ کے مسلسل واقعات تشویشناک : کے ٹی آر
حیدرآباد، 24 فروری (ہ س)۔ تلنگانہ کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی بی آرایس کے کارگزار صدر کے ٹی راماراو نے ریاست میں کانگریس حکومت کی کارکردگی پرشدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سماج کے تمام طبقات موجودہ حکومت سے نالاں ہیں۔
انہوں نے سرکاری اسکولوں میں فوڈ پوائزننگ کے مسلسل واقعات پرگہری تشویش اور صدمہ کا اظہار کیا۔ سوشیل میڈیا پرسرگرم کے ٹی آر نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو برسوں میں فوڈ پوائزننگ کے 112 واقعات رونما ہوئے جن کے نتیجہ میں 2,422 طلبہ ہاسپٹل پہنچے اور123 معصوم طلبہ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے ان اموات کو سرکاری قتل قراردیتے ہوئے وزیراعلیٰ کوتنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے طنزیہ کہا کہ محکمہ تعلیم کا قلمدان وزیراعلیٰ نے اپنے پاس رکھا ہے لیکن وہ تعلیمی نظام کولاوارث چھوڑ کرریئل اسٹیٹ سیٹلمنٹس پرتوجہ مرکوزکئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس حکومت کی نااہلی کی انتہا ہے کہ طلبہ کو معیاری کھانے جیسے بنیادی حق کے لئے سڑکوں پراحتجاج کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر تعلیمی اداروں میں کھانے کے معیار کو یقینی بنائے اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔۔۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق