ڈوڈہ میں منعقدہ چار روزہ نیشنل رافٹنگ چیمپئن شپ اختتام پذیر
جموں, 23 فروری (ہ س)ضلع ڈوڈہ کے شِبنوت پریمنگر میں منعقدہ چار روزہ قومی رافٹنگ چیمپئن شپ دی الٹی میٹ ریور بیٹل اختتام پذیر ہوگئی۔ یہ چیمپئن شپ 19 سے 22 فروری تک محکمہ سیاحت جموں کے زیر اہتمام ضلع انتظامیہ ڈوڈہ کے اشتراک سے منعقد کی گئی تھی۔ جس میں
Rafting


جموں, 23 فروری (ہ س)ضلع ڈوڈہ کے شِبنوت پریمنگر میں منعقدہ چار روزہ قومی رافٹنگ چیمپئن شپ دی الٹی میٹ ریور بیٹل اختتام پذیر ہوگئی۔ یہ چیمپئن شپ 19 سے 22 فروری تک محکمہ سیاحت جموں کے زیر اہتمام ضلع انتظامیہ ڈوڈہ کے اشتراک سے منعقد کی گئی تھی۔ جس میں جموں و کشمیر اور ملک کے مختلف حصوں سے کھلاڑیوں اور سیاحوں نے شرکت کی۔

اختتامی تقریب میں ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار، ڈی ڈی سی چیئرپرسن ڈوڈہ ، ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ، ڈپٹی کمشنر ریاسی ، ڈائریکٹر ٹورازم جموں وکاس گپتا، ایس ایس پی ڈوڈہ اور دیگر اعلیٰ افسران، رافٹنگ فیڈریشن جموں و کشمیر، ایس ڈی آر ایف، چناب ریسکیو ٹیموں اور مقامی شہریوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے شریک ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں تمام متعلقہ محکموں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وادی چناب میں ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں اور حکومت جموں و کشمیر سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ سیاحت کی جانب سے جموں ڈویژن میں 75 سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں ڈوڈہ اور بھدرواہ کے علاقے بھی شامل ہیں۔

ڈائریکٹر ٹورازم جموں وکاس گپتا نے کہا کہ اس سے قبل پانچ رافٹنگ چیمپئن شپ ریاسی میں منعقد ہوچکی ہیں جبکہ چھٹا ایڈیشن ڈوڈہ میں منعقد کرنا وادی چناب میں سیاحت کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شِبنوت رافٹنگ چیمپئن شپ اور سرتھل ونٹر فیسٹیول کو سرکاری سیاحتی کیلنڈر میں شامل کیا جائے گا۔

تقریب کے دوران فاتح کھلاڑیوں اور ٹیموں کو ٹرافیاں، یادگاری تحائف اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔ قبل ازیں ڈویژنل کمشنر اور دیگر معززین نے شِبنوت سے کراڑہ تک تقریباً 15 کلومیٹر طویل رافٹنگ مہم میں حصہ لے کر دریائے چناب میں ایڈونچر ٹورازم کے امکانات کو اجاگر کیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande