
امیٹھی، 24 فروری (ہ س)۔ امیٹھی ضلع کے بازار شکل تھانہ علاقہ کے تحت قصبے میں ہی ایک نوجوان کی لاش ملنے سے ہلچل مچ گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ نوجوان کا گلا کاٹ کر بے رحمی سے قتل کیا گیا ہے۔ اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس لاش کو قبضے میں لے کر جانچ اور ضروری قانونی کارروائی میں مصروف ہو گئی ہے۔
مہلوک نوجوان کی شناخت شاہد (35) ولد شریف ساکن قصبہ بازار شکل کے طور پر ہوئی ہے۔ شاہد کی لاش اس کے گھر سے تقریباً 1 کلومیٹر دور انٹر کالج روڈ پر بھارت گیس ایجنسی کے پاس سڑک کے کنارے پڑی ہوئی گاوں والوں نے دیکھی۔ اس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ نوجوان نے پسند کی شادی کی تھی۔ نوجوان کے اہل خانہ نے قتل کا الزام لگایا ہے۔
بازار شکل تھانہ علاقہ کے تھانہ انچارج وویک کمار ورما نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوراً پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے۔ فورینسک ٹیم کو بھی موقع پر بلا لیا گیا ہے۔ شواہد جمع کرنے کا عمل جاری ہے۔ دیگر معلومات جمع کی جا رہی ہیں اور لوگوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ بہت جلد واقعے کا انکشاف کر دیا جائے گا۔ واقعے کے سلسلے میں ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن