
نئی دہلی، 23 فروری (ہ س)۔
اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) نے الزام لگایا ہے کہ بائیں بازو کی تنظیموں سے وابستہ نقاب پوش افراد نے کل رات جے این یو کیمپس میں طلباء پر حملہ کیا جس سے کئی طلباء زخمی ہوئے۔ واقعے کو لے کر کیمپس میں کشیدگی برقرار ہے۔
پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں، اے بی وی پی نے کہا کہ تقریباً 400 نقاب پوش حملہ آوروں نے اسکول کے علاقے اور ریڈنگ روم کے ارد گرد منظم طریقے سے طلباء کو نشانہ بنایا۔ تنظیم کا دعویٰ ہے کہ کچھ طلباء کا پیچھا کیا گیا اور انہیں مارا پیٹا گیا اور لوہے کے راڈ، پتھروں اور دیگر چیزوں سے حملہ کیا گیا۔ اس میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے ایک ٹوائلٹ کے باہر آگ بجھانے والا آلہ چلا دیا، جس سے اندر چھپے ایک طالب علم کو بیماری ہو گئی۔ زخمیوں میں اسکول آف بائیو ٹیکنالوجی، اسکول آف لینگویجز اورا سکول آف سوشل سائنسز کے طلباء شامل ہیں۔
اے بی وی پی کی جے این یو یونٹ کے سکریٹری پروین پیوش نے کہا کہ اے بی وی پی اس واقعہ کی مذمت کرتی ہے اور یونیورسٹی انتظامیہ اور دہلی پولیس سے مطالبہ کرتی ہے کہ کیمپس میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر تمام ملزمین کی شناخت کی جائے، قتل کی کوشش جیسے سنگین الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے، اور ان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اے بی وی پی یونیورسٹی کیمپس کو سیاسی تشدد کا گڑھ نہیں بننے دے گی۔ بائیں بازو کے شرپسندوں کے ذریعہ کل رات کئے گئے تشدد کا مقصد بائیں بازو کے مخالف طلباء کو قتل کرکے جے این یو کو نکسلائیٹ کالونی میں تبدیل کرنا تھا۔
جے این یو طلبہ یونین کے سابق سکریٹری ویبھو مینا نے کہا کہ یہ پورا واقعہ ایک سوچی سمجھی سازش کا نتیجہ ہے۔ طلباء کو اسکول سینٹر کی لائبریری سے زبردستی نکال کر تالے لگا دیے گئے اور سوالات اٹھانے والے طلباء پر حملہ کیا گیا۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والے کئی کارکنان کو فی الحال صفدر جنگ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ