
نئی دہلی، 7 جنوری (ہ س)۔ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے اتر پردیش گرامین بینک کے برانچ منیجر اور چپراسی کو 10,000 روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ سی بی آئی کے مطابق گرفتار ملزمان میں برانچ منیجر نوین سنگھ کلدیپ اور چپراسی انل کمار شامل ہیں۔ ایجنسی نے 5 جنوری کو درج شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ اس نے چیف منسٹر یوتھ انٹرپرینیور اسکیم کے تحت 5 لاکھ کے قرض کے لیے درخواست دی تھی۔ قرض منظور ہو گیا اور اسے 2,72,000 کی پہلی قسط موصول ہوئی۔ تاہم، برانچ منیجر نے بقیہ رقم جاری کرنے کے لیے ایک نجی شخص کے ذریعے 15,000 روپے رشوت طلب کی۔ بات چیت کے بعد، رقم 10,000 روپے میں طے ہوئی۔
سی بی آئی نے 6 جنوری کو ایک جال بچھایا اور شکایت کنندہ سے 10,000 روپے وصول کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ایجنسی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کو مجاز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ کیس کی تفتیش جاری ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی