
نئی دہلی، 07 جنوری (ہ س)۔ دہلی ہائی کورٹ کی ہدایات کی تعمیل کرتے ہوئے دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) نے بدھ کی صبح ترکمان گیٹ پر واقع فیض الٰہی مسجد کے آس پاس، رام لیلا میدان کے قریب تجاوزات والے علاقے میں انہدام کی مہم چلائی۔
انہدامی مہم کی ہموار اور پرامن تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے، دہلی پولیس نے نظم وضبط کے وسیع انتظامات کئے۔ پورے علاقے کو نو زونوں میں تقسیم کیا گیا تھا، جن میں سے ہر ایک کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے عہدیداران کو تفویض کی گئی تھی۔ حساس مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔
جوائنٹ کمشنر آف پولیس مدھور ورما نے بتایاکہ آپریشن سے قبل امن کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعات کو روکنے کے لیے امن کمیٹی کے اراکین اور مقامی نمائندوں کے ساتھکئی رابطہ میٹنگیں کی گئیں۔ احتیاط کے طور پر تمام ضروری مستعدی اور اعتماد سازی کے اقدامات اٹھائے گئے تھے۔
انہدام کی کاروائی کے دوران کچھ سماج دشمن عناصر نے پتھر پھینک کر ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس نے فوری طور پر ہلکی طاقت سے حالات کو قابو میں کر لیا۔ کم سے کم اور متوازن طاقت کا استعمال کرتے ہوئے، صورتحال کو قابو میں لایا گیا۔ کسی بھی بڑے واقعے کو روکا گیا اور علاقے میں معمول کے حالات بحال ہو گئے۔
دہلی پولیس نے واضح کیا ہے کہ وہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ عدالتی احکامات کو انتہائی حساسیت، پیشہ ورانہ مہارت اور قانون کے مناسب عمل کے ساتھ نافذ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی میونسپل کارپوریشن نے فیض الٰہی مسجد کے قریب تقریباً 38,000 مربع فٹ زمین پر غیر قانونی قبضے کا نوٹس جاری کیا تھا، جہاں پارکنگ اور ایک پرائیویٹ اسپتال سمیت مختلف سرگرمیاں چلائی جا رہی تھیں۔ اس جگہ پر ایک قبرستان بھی موجود ہے۔ مسجد کمیٹی نے ایم سی ڈی نوٹس کو عدالت میں چیلنج کیا، لیکن وہ زمین کی ملکیت ثابت کرنے والے دستاویزات پیش کرنے سے قاصر رہے اور نہ ہی اس کو وقف جائیداد ثابت کر سکے۔ عدالتی حکم کے بعد تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی اور زمین کو ناجائز قبضوں سے آزاد کرایا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد