
نئی دہلی، 7 جنوری (ہ س)۔ دہلی ہائی کورٹ نے اتراکھنڈ میں 2022 کے انکیتا بھنڈاری کیس کے سلسلے میں سوشل میڈیا پر بی جے پی لیڈر دشینت گوتم کو ملوث کرنے والے مواد کو 24 گھنٹے کے اندر ہٹانے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس منی پشکرنا کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ اگر دشینت گوتم کو ملوث کرنے والے ویڈیوز اور مواد کو 24 گھنٹے کے اندر نہیں ہٹایا جاتا ہے، تو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو خود انہیں ہٹا دینا چاہیے۔ عدالت نے مزید کہا کہ اگر اسی طرح کا مواد دوبارہ اپ لوڈ کیا جاتا ہے تو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز درخواست گزار کو مطلع کریں تاکہ وہ ضروری کارروائی کر سکیں۔
سماعت کے دوران دشینت گوتم کے وکیل گورو بھاٹیہ نے کہا کہ درخواست گزار کو بدنام کرنے کے لیے ویڈیو پوسٹ کیا جا رہا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس بھی بدنامی میں ملوث تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درخواست گزار کا نام انکیتا بھنڈاری کیس میں کبھی سامنے نہیں آیا، اور ٹرائل کورٹ پہلے ہی اپنا فیصلہ جاری کر چکی ہے۔ بھاٹیہ نے کہا کہ عرضی گزار گزشتہ پانچ سالوں سے سیاست میں شامل ہے اور اس ویڈیو کی وجہ سے اسے کافی بدنامی کا سامنا ہے۔ اب تک جو بدنامی ہوئی ہے اس کی تلافی نہیں ہو سکتی۔
دشینت گوتم نے ایک عرضی دائر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انکیتا بھنڈاری کیس سے جوڑنے والے مواد کو ہٹا دیا جائے۔ درخواست میں گوتم نے کہا کہ 24 دسمبر 2025 کو سوشل میڈیا پر ایک ہتک آمیز ویڈیو اپ لوڈ کی گئی جو وائرل ہوگئی۔ اس ویڈیو میں جھوٹی داستان تیار کی گئی اور گوتم کو اس واقعے سے جوڑ کر بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا کہ تفتیشی اداروں نے کیس کی تفتیش کے دوران کبھی ان کا نام نہیں لیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ انکیتا بھنڈاری کیس میں چلائی جارہی مہم جعلی خبروں کے زمرے میں آتی ہے اور اس مہم کے ذریعے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انکیتا بھنڈاری کیس میں تازہ ترین ویڈیو کے بارے میں، اتراکھنڈ پولیس نے ارمیلا سناور اور سریش راٹھور کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے کئی ایف آئی آر درج کی ہیں۔
ستمبر 2022 میں، 19 سالہ ریسپشنسٹ انکیتا بھنڈاری کو اتراکھنڈ کے ایک ریزورٹ میں قتل کر دیا گیا۔ الزام ہے کہ ریستوران کے مالک پلکت آریہ نے اس پر مہمان کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔ پلکت آریہ کے والد سابق بی جے پی لیڈر تھے۔ انکیتا بھنڈاری کی لاش ایک نہر سے برآمد ہوئی۔ ٹرائل کورٹ نے اس کیس میں پلکت آریہ اور دو دیگر کو عمر قید کی سزا سنائی۔
تازہ ترین تنازعہ اس وقت کھڑا ہوا جب بی جے پی کے سابق ایم ایل اے سریش راٹھور کی اہلیہ ارمیلا سناور نے الزام لگایا کہ انکیتا بھنڈاری پر بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا تھا۔ راٹھور نے بعد میں دعویٰ کیا کہ ویڈیو کلپ اے آئی سے تیار کیا گیا تھا اور اسے بی جے پی کو بدنام کرنے کے لیے جاری کیا گیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی