
سلچر، 7 جنوری (ہ س) ۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر کبندر پورکایستھ کا آج یہاں انتقال ہوگیا۔
ان کی عمر 95 برس تھی۔ وہ کچھ عرصے سے بیمار تھے اور سلچر میڈیکل کالج میں زیر علاج تھے، جہاں بدھ کی شام تقریباً 5 بجے ان کا انتقال ہوگیا۔ لکھیم پور کے ایم پی پردھان بروا اور آسام حکومت کے وزیر تعلیم رنوج پیگوئی نے ایکس پر یہ معلومات شیئر کیں۔
بی جے پی کے سینئر لیڈر کے انتقال کی خبر ملتے ہی مختلف سیاسی لیڈران اور کارکنان خیر خواہوں کے ساتھ سلچر میڈیکل کالج میں جمع ہوگئے۔ آسام ریاستی بی جے پی کے صدر اور ایم پی دلیپ سائکیا نے پورکایستھ کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”ہمارے ہمہ وقت رہنما، قابل احترام کبندر پور کایستھ آج ان کا انتقال ہماری پارٹی کے ہر کارکن کے لیے گہرا صدمہ ہے۔
سائکیا نے اعلان کیا کہ جمعرات 8 جنوری کو بی جے پی کے تمام پروگرام آنجہانی لیڈر کے اعزاز میں منسوخ ہوںگے اور پارٹی دفتر پر پارٹی پرچم سرنگوں رہے گا۔
پورکایستھ کے انتقال پر بی جے پی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی شعبوں نے سوگ کا اظہار کیا ہے۔
کبندر پورکایستھ 15 دسمبر 1931 کو کمرکھل، سلہٹ ضلع، جو اب بنگلہ دیش میں ہے، میں پیدا ہوئے اور گوہاٹی یونیورسٹی سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے اٹل بہاری واجپئی کی قیادت والی حکومت میں بطور وزیر خدمات انجام دیں۔ سیاست میں آنے سے پہلے وہ استاد تھے۔ وہ پہلی بار 1991 میں آسام کے سلچر حلقے سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ وہ 1998 میں اسی حلقے سے دوبارہ منتخب ہوئے تھے۔ 2009 میں، وہ سلچر سے کانگریس کے سنتوش موہن دیو اور اے آئی یو ڈی ایف کے بدرالدین اجمل جیسے نمایاں امیدواروں کو شکست دے کر 15ویں لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں، مودی لہر کے باوجود، وہ سنتوش موہن دیو کی بیٹی سشمیتا دیو (کانگریس) سے ہار گئے۔ انہیں ستمبر 2024 میں سماجی زندگی میں ان کی خدمات پر ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ