
کولکاتا، 06 جنوری (ہ س)۔ کولکاتا سمیت پوری ریاست مغربی بنگال میں شدید سردی شروع ہوگئی ہے۔ منگل کو اس موسم کا سب سے سرد دن ریکارڈ کیا گیا ہے، کیونکہ دارالحکومت کولکاتا میں درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس کے قریب پہنچ گیا ہے۔ کولکاتا میں جنوری کے مہینے میں پڑنے والی سردی نے اس بار تمام پرانے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ منگل کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10.2 ڈگری سیلسیس تک گر گیا، جو جنوری میں اب تک ریکارڈ کیا گیا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کولکاتا کا درجہ حرارت جنوری میں اس سے پہلے کبھی اتنا نیچے نہیں گرا تھا۔ شہر کے مضافات اور آس پاس کے علاقوں میں کئی مقامات پر درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے گر گیا۔
کولکاتا میں منگل کی صبح بھی دھند کی ہلکی چادر دیکھی گئی۔ وہیں، آس پاس کے اضلاع کو پیر کی دیر رات سے ہیگھنی دھند نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا۔ مضافات اور گردونواح کے علاقے صبح کے وقت دھند کی زد میں رہے۔ پچھلے 15 برسوں میں کولکاتا کا درجہ حرارت جنوری کے مہینے میں صرف ایک بار 11 ڈگری سے نیچے گیا تھا۔ سال 2023 میں جنوری کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 10.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا لیکن اس بار یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔ اس سے پہلے سال 2012 میں دسمبر کے مہینے میں ایک بار درجہ حرارت 10 ڈگری تک گر گیا تھا۔ جبکہ دسمبر 1965 میں درجہ حرارت 7.2 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا تھا۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کولکاتا سمیت گنگا کے میدانی جنوبی بنگال کے اضلاع میں اس ہفتے درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے۔ بدھ اور جمعرات کو جنوبی بنگال میں رات کے درجہ حرارت میں تقریباً دو ڈگری سیلسیس کی کمی متوقع ہے۔ اس کے بعد اگلے چار سے پانچ دنوں تک درجہ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی متوقع نہیں ہے۔ اس دوران دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی معمول سے تین سے پانچ ڈگری کم رہ سکتا ہے۔
منگل کو مشرقی اور مغربی بردوان، بانکوڑا، بیر بھوم، مرشد آباد اور نادیہ اضلاع کے کچھ علاقوں میں ’’سرد دن‘‘ کے حالات متوقع ہیں۔ بدھ کے روز بھی بانکوڑا کو چھوڑ کر تمام اضلاع میں ’کولڈ ڈے‘ کی صورتحال متوقع ہے۔ مرشد آباد اور نادیہ اضلاع میں گھنی دھند کے لیے وارننگ جاری کی گئی ہے۔
اگلے چند دنوں تک شمالی بنگال کے تقریباً تمام اضلاع میں گھنی دھند چھائے رہنے کی بھی توقع ہے۔ دھند کی وجہ سے صبح کے وقت حد نگاہ نمایاں طور پر کم ہو سکتی ہے۔ شمالی بنگال کے شمالی اور جنوبی دیناج پور اور مالدہ اضلاع میں بھی سرد دن جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے سردی اور دھند کے باعث لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ شمالی بنگال کے علی پور دوار، کوچ بہار، جلپائی گوڑی، دارجلنگ اور کالمپونگ میں درجہ حرارت 2 سے 3 ڈگری سیلسیس کے ارد گرد منڈلا رہا ہے۔ دارجلنگ میں بھی برف باری متوقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد