
اجین، 06 جنوری (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے اجین کے ناگ جھری تھانہ علاقے میں دیواس روڈ پر گرام چندیسرا کے پاس منگل کو علی الصبح ایک تیز رفتار جیپ (ٹیمپو ٹریکس) پائپ سے بھرے ٹرالے سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں جیپ سوار تلنگانہ اور کرناٹک کے تین نوجوانوں کی موت ہو گئی، جبکہ چار لوگ شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں، جنہیں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
تلنگانہ اور کرناٹک کے سبھی نوجوان بھگوان مہاکالیشور کے مندر میں درشن کے لیے اجین آئے تھے اور یہاں بابا مہاکال کے درشن کرنے کے بعد بھگوان شری رام للا کے درشن کے لیے ایودھیا روانہ ہوئے تھے۔ اسی دوران یہ حادثہ ہو گیا۔ پولیس نے مہلوکین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
ناگ جھری تھانہ پولیس نے بتایا کہ تلنگانہ کے گرام فرید پور، محبوب نگر باشندہ کے بی نرسمہا (20 سال) اپنے دوستوں کے ساتھ جیپ (ٹیمپو ٹریکس) سے مہاکال مندر میں درشن کرنے کے بعد ایودھیا میں رام للا کے درشن کے لیے جا رہے تھے۔ جیپ میں کل 13 لوگ سوار تھے۔ منگل کو علی الصبح تقریباً 4 بجے ان کی جیپ جب چندیسرا گاوں کے سروس روڈ پر مہادیو سروس اینڈ واشنگ سینٹر کے سامنے پہنچی، تبھی ہائی وے پر چل رہے پائپ سے بھرے ٹرالے کے ڈرائیور نے اچانک بریک لگا دیے۔ صبح کوہرا زیادہ تھا، اسی سبب گاڑی چلا رہے ڈرائیور کو سڑک کے کنارے کھڑے پائپ سے بھرا ٹرالا نہیں دکھا اور گاڑی کی رفتار انتہائی تیز ہونے کے سبب وہ ٹرالے میں جا ٹکرائی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمی سبھی لوگوں کو فوراً چرک اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ایم نرسمہا (20) ولد بال چندرنا باشندہ فرید پور تلنگانہ اور جگناتھ (26) ولد وینکٹیش باشندہ کرناٹک ڈونگرام پور کو مردہ قرار دے دیا۔ شدید طور پر زخمی شیوا کمار (25) ولد ایلپا باشندہ فرید پور تلنگانہ کو اندور ریفر کیا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی بھی موت ہو گئی۔
پولیس کے مطابق حادثے میں جیپ میں سوار کے بی نرسمہا (فرید پور، محبوب نگر)، رامپا، ملین ولد نرسپا، ارتید (11) ولد لکشمن، گاڑی ڈرائیور بال مندرپا، چنا کندھاکنٹا، جیا کمار ولد ایلویا اور کاششیہ ولد چترا رامونو زخمی ہو گئے۔ سبھی کو اجین کے چرک اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں پر معمولی طور پر زخمی لوگوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد چھٹی دے دی گئی۔ فی الحال چار لوگ اسپتال میں داخل ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔
اجین کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گرو پرساد پراشر نے بتایا کہ سبھی نوجوان مذہبی سفر پر تھے۔ حادثے میں تین لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ پولیس نے ٹرالا ضبط کر اس کے ڈرائیور کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن