
نئی دہلی، 6 جنوری (ہ س)۔ دہلی-این سی آر میں آلودگی کو کنٹرول کرنے کی کوششوں کے تحت کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) نے پیر کواترپردیش کے نوئیڈا میں سڑک کی صفائی اور دھول پر قابو پانے کے اقدامات کی حالت کا معائنہ کیا۔ یہ کارروائی گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان (گریپ) کے تحت کی گئی ، جس میں نوئیڈا اتھارٹی کے دائرہ اختیار میں 142 سڑکوں کا احاطہ کیا گیا۔
ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی مرکزی وزارت کے مطابق، معائنہ کا مقصد سڑک کی دھول پر قابو پانے کے اقدامات کی زمینی حیثیت کا اندازہ لگانا اور ٹھوس فضلہ، تعمیراتی اور مسمار کرنے والے ملبے اور کھلے عام جلانے جیسی سرگرمیوں کی نشاندہی کرنا تھا۔ معائنہ کے دوران، اتر پردیش آلودگی کنٹرول بورڈ (یو پی پی سی بی) اورسی اے کیو ایم کے فلائنگ اسکواڈ کی 10 ٹیموں نے جیو ٹیگ اور ٹائم اسٹیمپ والی تصویروں کے ساتھ ایک رپورٹ تیار کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سڑک کے 142 سیکشن میں سے صرف چار میں دھول کی سطح زیادہ تھی، 24 میں درمیانی سطح کی دھول تھی، 66 میں دھول کی سطح کم تھی اور 48 میں بالکل نظر نہیں آنے والی دھول تھی۔ جن مقامات پر زیادہ دھول درج کی گئی، وہاں ٹھوس فضلہ اور تعمیراتی ملبہ جمع پایا گیا، خاص طور پر فلائی اوورزکے نیچے ، میٹرو کوریڈورز اور کچھ بڑی سڑکوں پر تھے۔
سی اے کیو ایم نے کہا کہ ان ہاٹ اسپاٹ کو دھول اور کوڑے کے دوبارہ جمع ہونے سے روکنے کے لیے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے باقاعدگی سے مکینیکل سویپنگ، بروقت اٹھانا اور سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانا، پانی کے موثر چھڑکاؤ اور کوڑے کو کھلے عام جلانے پر سخت پابندی کی ضرورت ہے۔
کمیشن نے کہا کہ آپریشن کلین ایئر کے تحت معائنہ اور نفاذ کی مہمیں باقاعدگی سے جاری رہیں گی تاکہ گریپ کے رہنما خطوط کی تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ سی اے کیو ایم این سی آر میں تمام ایجنسیوں کے ساتھ مل کر جنگی بنیادوں پر کام کر رہا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ خطے کی سڑکیں صاف، سبز، دھول سے پاک اور اچھی طرح سے برقرار رہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد