
نئی دہلی، 6 جنوری (ہ س)۔ شمال مغربی دہلی کے آدرش نگر میں مجلس پارک میٹرو اسٹیشن کے قریب دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کے فلیٹ میں آج علی الصبح آگ لگنے سے شوہر- بیوی اور ان کی 10 سالہ بیٹی کی موت ہوگئی۔محکمہ فائر بریگیڈنے اس کی تصدیق کی ہے۔
محکمہ فائر بریگیڈ کے مطابق، اپارٹمنٹ میں تقریباً 2:39 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ بتایا گیا ہے کہ آگ پانچویں منزل پر لگی تھی۔ فائر بریگیڈ کی چھ گاڑیوں کو فوری طور پر روانہ کیا گیا۔ محکمہ فائر بریگیڈ کے اہلکارپہنچے اور تین افراد کی جلی ہوئی لاشیں برآمد کیں۔ مرنے والوں کی شناخت اجے (42)، اس کی بیوی نیلم (38) اور ان کی بیٹی جانہوی (10) کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق آگ ایک کمرے میں رکھی گھریلو اشیاء سے شروع ہوئی اور پھر پورے کمرے کو اپنیزد میں لے لیا۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ اندر موجود تینوں افراد باہر نکلنے میں ناکام رہے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
فائر ڈپارٹمنٹ نے صبح 6:40 بجے تک آگ پر قابو پالیا۔ آگ بجھانے کے دوران فائر ڈپارٹمنٹ کے ملازم راکیش کے ہاتھ میں کٹ لگنے سے وہ زخمی ہو گئے۔ انہیں علاج کے لیے جگجیون رام اسپتال لے جایا گیا۔ راکیش کو ابتدائی طبی امداد کے بعد چھٹی دے دی گئی۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا ہے۔ آگ لگنے کی وجہ کی تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد