
ریاض،05جنوری(ہ س)۔اتوار کے روز سعودی ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو ترک صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے ٹیلی فون کال موصول ہوئی۔ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور اور ان کے حوالے سے جاری کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی، جن کا مقصد امن و استحکام کا فروغ ہے۔اسی تناظر میں ترک صدارتی دفتر نے بتایا کہ صدر اردوان نے سعودی ولی عہد کے ساتھ ٹیلی فون پر ترکی اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کی۔
صدر اردوان نے اس بات کی تصدیق کی کہ ریاض اور انقرہ آئندہ عرصے میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے ذریعے دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی صومالیہ اور یمن کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور دونوں ممالک کی علاقائی سالمیت کا تحفظ علاقائی استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔ترک صدارتی دفتر کے مطابق صدر اردوان نے یمن کے مختلف فریقین کے درمیان اختلافات کم کرنے اورخیالات میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوششوں میں اپنے ملک کے تعاون کے لیے آمادگی کا اظہار بھی کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan