
جموں, 02 جنوری (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ موجودہ مالی سال کے دوران یونین ٹیریٹری میں بجلی کے نرخوں میں کوئی عمومی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ مالی سال 2025-26 کے لیے ٹائم آف ڈے ٹیرف بھی جوں کا توں برقرار رہے گا اور صبح و شام کے اوقات میں بجلی کے استعمال پر عائد اضافی 20 فیصد چارج میں کسی قسم کی بڑھوتری نہیں کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ حکومت عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے بجلی کو سستا رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔ادھر جموں و کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ نے جوائنٹ الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن کے روبرو ایک عرضداشت دائر کی تھی، جس میں صبح اور شام کے اوقات میں بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر عائد موجودہ 20 فیصد سرچارج میں اضافے کی درخواست کی گئی تھی، تاہم حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں کسی عمومی اضافے کی تردید کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر